پتنگ بازوں کیخلاف کریک ڈاون کا حکم، انسانی جان کا ضیاع برداشت نہیں،محسن نقوی

لاہور (خبر نگار)نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے پتنگ بازی پر پابندی کے قانون کی خلاف ورزی کرنےوالوں کےخلاف کریک ڈاون کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے پتنگ بازی و ہوائی فائرنگ کرنےوالوں کےخلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کی جائے اور ہر شہر میں قانون کی پابندی پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے،تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں اجلاس ہوا ،اجلاس میں پتنگ بازی پر پابندی کے قانون پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کےلئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے بعض شہروں میں پتنگ بازی کے واقعات پر برہمی کااظہار کرتے ہوئے کہاپنجاب بھر میں پتنگ بازی روکنے کےلئے دفعہ 144نافذ ہے اور اگر کہیں واقعہ ہواتو متعلقہ ڈی پی او ذمہ دار ہوگا، پتنگ بازی کے نتیجے میں کسی بھی انسانی جان کا ضیاع برداشت نہیں،وزیراعلیٰ نے ہدایت کی پولیس ہوائی فائرنگ کرنےوالوں کےخلاف بھرپور کارروائی یقینی بنائے اور پتنگ بازی کی مانیٹرنگ کیلئے ڈرون و دیگر جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جائے۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا پابندی کے باوجود ڈور اور پتنگیں تیار ہونا تشویشناک امر ہے، پتنگ بازی کے باعث حادثات میں قیمتی انسانی جانیں ضائع ہونے پر دلی افسوس ہے،قصورودیگر اضلاع میں متوقع پتنگ بازی کے سدباب کےلئے پیشگی اقدامات کئے جائیں۔
دریں اثنانگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کے فاطمہ جناح گرلز ہاسٹل بلاک کا افتتاح کردیا،وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے تختی کی نقاب کشائی کے بعد دعا مانگی، وزیراعلیٰ محسن نقوی نے گرلز ہاسٹل بلاک کے مختلف حصے دیکھے،محسن نقوی نے ای لائبریری،ڈائننگ ہال، لائبریری اور لانڈری کا معائنہ کیا ،وزیر اعلی محسن نقوی نے گرلز ہاسٹل بلاک میں فراہم کردہ سہولتوں کی تعریف کی اورگرلز ہاسٹل بلاک کے تعمیراتی کام کے معیار کو سراہا۔