روشن مستقبل کی امیدنے مزید گھر اجاڑ دئیے،لیبیا میں بھی کشتی حادثہ، 3پاکستانی جاں بحق



طرابلس،اسلام آباد(بیورورپورٹ،مشرق نیوز)روشن مستقبل کی امیدنے مزید گھر اجاڑ دئیے،لیبیا میں بھی کشتی حادثہ، 3پاکستانی جاں بحق،ڈی جی ایف آئی اے کا انسانی سمگلرز کیخلاف کارروائی کا حکم،عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق روشن مستقبل اور خوشحالی کے خواب سجائے یورپ جانے کی کوشش کرنیوالے تارکین وطن کی کشتی کے ایک اور حادثے میں 3 پاکستانی جاں بحق ہوگئے،حادثہ 26 فروری کو لیبیا کے شہر بن غازی کے قریب پیش آیا ،دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے اپنی ٹوئٹ میں حادثے میں 3 پاکستانیوں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا پاکستانی سفارتخانہ میت کی پاکستان منتقلی کے انتظامات کررہا ہے،ایک پاکستانی تارکین وطن کو زندہ بچا لیا گیا،حادثہ اٹلی والے حادثے سے الگ ہے،دوسری جانب ایف آئی اے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) محسن حسن بٹ نے کشتی حادثات کانوٹس لیکر رپورٹ طلب کرلی،ڈائریکٹرجنرل ایف آئی اے نے انسانی سمگلرز کیخلاف سخت کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہاانسانی سمگلرز وسہولت کار بین الاقوامی مجرم ہیں،سوشل میڈیا پر انسانی سمگلرز کی جانب سے غیرقانونی طریقوں سے بارڈر پار کرنیوالے مواد پر بھی کارروائی کی جائے،ڈی جی ایف آئی اے نے مستقبل میں واقعات کی روک تھام کیلئے انٹرایجنسی ٹاسک فورس کا اجلاس بھی طلب کرلیا،محسن حسن بٹ نے کہاانٹرایجنسی ٹاسک فورس میں شامل اداروں کیساتھ ملکرمؤثر حکمت عملی بنائی جائیگی،انہوں نے ہدایت کی کشتی حادثوں میں جاں بحق اور زخمی ہونیوالے پاکستانیوں کے لواحقین سے رابطے تیز کیے جائیں، حادثے میں ملوث انسانی سمگلرز کیخلاف درج انکوائریز اور کیسز کی تحقیقات جلد مکمل کی جائیں،ڈی جی ایف آئی اے نے ملزموں کی گرفتاری کیلئے ایف آئی اے لاہور اور بلوچستان زون میں ٹاسک فورس بھی بنادی۔