عمران خان کی ضمانتیں منظور،کارکنوں کاجوڈیشل کمپلیکس پر دھاوا

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) عمران خان کی پیشی،کارکنوں کاجوڈیشل کمپلیکس پر دھاوا،توڑ پھوڑ،مقدمہ درج،متعدد گرفتار،پی ٹی آئی چیئرمین کی عبوری ضمانتیں منظور،شامل تفتیش ہونے کاحکم،تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن فیصلے کےخلاف احتجاج و کار سرکار میں مداخلت، ممنوعہ فنڈنگ ،اقدام قتل اور توشہ خانہ فوجداری کیس میں سابق وزیر اعظم و چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی عبوری ضمانتیں منظور کرلی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم اور تحریک انصاف چیئرمین عمران خان کی اقدام قتل کیس میں ضمانت منظور کرلی،پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش ہوئے ،عدالت نے ضمانت منظور کرکے 9مارچ تک گرفتار نہ کرنے کا حکم دےدیا۔
عدالت نے ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت کی منظوری دی،ممنوعہ فنڈنگ کیس میں بینکنگ کورٹ اسلام آباد نے عمران خان کی ضمانت درخواست کو منظور کیا،عمران خان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر اور سپیشل پراسیکیوٹر رضوان عباسی عدالت میں پیش ہوئے ،بینکنگ کورٹ کی جج رخشندہ شاہین نے کیس پر سماعت کی،بیرسٹر سلمان صفدر روسٹرم پر آئے تو رضوان عباسی نے عمران خان کی عدم پیشی پر اعتراض کرتے ہوئے کہا ابھی تک عدالت کو انتظار کرنا پڑ رہا ہے، 9بجے عدالت پیش ہونا چاہیے تھا کیا ایسی سہولت عام شہریوں کو بھی ملتی ہے؟۔
عمران خان کے وکیل سلمان صفدر نے کہا اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ ہے حاضری کے بعد دلائل دئیے جاتے ہیں،سلمان صفدر نے دلائل کی تیاری کےلئے سماعت کو گھنٹے کےلئے ملتوی کرنے کا وقت مانگا تاہم عدالت نے درخواست مسترد کردی،جج نے سلمان صفدر کو مخاطب کرتے ہوئے ہدایت دی5منٹ ہیں، تیاری کرلیں، وقفے کے بعد سماعت دوبارہ شروع ہوئی تو عمران خان کے وکیل سلمان صفدر نے دلائل کا آغاز کرتے ہوئے کہا 2022ءمیں 10سال کی تاخیر سے مقدمہ درج کیا گیا، میں کوئی متاثرہ فریق نہیں، ریاست نے مقدمہ درج کرایا،سلمان صفدر نے عدالت میں ایف آئی آر پڑھ کر سنانے کے بعد کہا عمران خان ابھی پہنچے نہیں، کچھ ہی دیر میں عدالت پہنچ رہے ہیں ،عمران خان کی جانب سے عدالت کے مناسب موقع دینے کو سراہتا ہوں۔
عمران خان کی میڈیکل رپورٹ پر ہر سماعت میں اعتراض اٹھایا جاتا رہا، شکر گزار ہیں عدالت نے 8سماعتوں پر التوا دیا،عمران خان پر عبوری ضمانت کا غلط استعمال کرنے کا الزام لگایا گیا،ہائیکورٹ میں عمران خان کی تفصیلی میڈیکل رپورٹ دی ،تفتیشی افسر ابھی الزام لگائیں گے عمران خان شامل تفتیش نہیں ہوئے، عدالت کو بتانا چاہتا ہوں عمران خان نے شامل تفتیش ہونے کےلئے کتنی کوششیں کیں،عمران خان کی عمر 71برس ہے اور وہ آہستہ آہستہ صحت یاب ہو رہے ہیں،مصروب ہونے پر ملزم کی گرفتاری کو التواءمیں ڈال دیا جاتا ہے، پراسیکیوٹر نے انسانی بنیادوں پر عمران خان کی گرفتاری ملتوی کرنے کا کبھی نہیں کہا، عمران خان کو لاہور سے 14روز کی حفاظتی ضمانت ملی، ابھی 3روز باقی ہیں تاہم عمران خان انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش ہوں گے، ضمانت قبل از گرفتاری میں ملزم کا کنڈکٹ بہت اہم ہوتا ہے،عمران خان کو انا کا کوئی مسئلہ نہیں وہ تمام عدالتوں میں پیش ہو رہے ہیں۔
عمران خان نے بار بار ایف آئی اے کو تفتیش کےلئے خطوط لکھے،عمران خان نے بطور وزیر اعظم ملک کی خدمت کی ،شہرت وقت کےساتھ بڑھتی گئی ،عمران خان کو غیر قانونی طور پر حکومت سے نکالا گیا، حکومت کے کئی رہنماوں پر کرپشن و منی لانڈرنگ کے کیسز ہیں، عمران خان کےخلاف سیاسی انتقام لینے کےلئے کئی مقدمات درج کرادئیے گئے ، آج تک عمران خان پر کوئی کرپشن کا کیس سامنے نہیں آیا، حقیقی آزادی مارچ شروع کیا جس پر عمران خان کو قاتلانہ حملہ کرکے ٹارگٹ کیا گیا، پی ٹی آئی کے متعدد رہنما جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہیں، مقدمات وزارت داخلہ کے ماتحت ہوتے اور وزارت داخلہ پی ٹی آئی کی سیاسی مخالف ہے،سلمان صفدر نے عمران خان کی ضمانت کنفرم کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا شریک 3ملزموں کی عدالت ضمانت کنفرم کر چکی ، شریک 4ملزموں نے ضمانت واپس لے لی تھی، ایف آئی اے کا کام انسانوں کی سمگلنگ کی حد تک تھا، ممنوعہ فنڈنگ پر پہلی بار دیکھا، عمران خان کےخلاف ایف آئی اے کا کیس مفروضوں پر مبنی ہے۔
عارف مسعود نقوی ملزم ہیں، ایف آئی اے کو معلوم نہیں، عارف مسعود نقوی کو گرفتار نہیں کیا گیا، تفتیش میں شامل نہیں کیا گیا، ایف آئی اے نے ووٹن کرکٹ کلب و ابراج گروپ کو شامل تفتیش نہیں کیا، تحریک انصاف کو تمام ڈونیشن قانونی طریقہ کار سے ملے ،سلمان صفدر کی جانب سے دلائل مکمل کرنے کے بعد پراسیکیوٹر رضوان عباسی نے عمران خان کی ضمانت کنفرم کرنے کی درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے کہاعمران خان کو گزشتہ سماعتوں پر طبی بنیادوں پر حاضری سے استثنیٰ دیا گیا، گزشتہ سماعتوں پر پراسیکیوشن نے عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی مخالفت نہیں کی، عمران خان کی اپنی طبی رپورٹ کے مطابق سویلنگ (سوجن)ہے، زخم نہیں ، بعدازاں عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے عمران خان کی ضمانت منظور کرلی۔
عمران خان سنگجانی میں لانگ مارچ کے دوران توڑ پھوڑ کے مقدمے میں انسداد دہشت گردی عدالت پیش ہوئے،انسداد دہشت گردی عدالت کے جج راجہ جواد نے عمران خان کی عبوری ضمانت منظور کرلی،عمران خان کی عبوری ضمانت ایک لاکھ روپے مچلکے کے عوض 9 مارچ تک منظور کی گئی ،علاوہ ازیںالیکشن کمیشن کی جانب سے عمران خان کےخلاف فوجداری کارروائی کیس کی سماعت ہوئی، ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ درخواست خارج کرتے ہوئے ریمارکس دئیے عمران خان کو بار بار موقع دیا گیا لیکن عدالت میں پیش نہیں ہوئے،عدم پیشی پر عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے جاتے ہیں،دوران سماعت عمران خان کے وکیل نے کہا سکیورٹی خدشات کے باعث عمران خان پیش نہیں ہوسکتے۔
ایڈیشنل سیشن جج نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کون ساطریقہ ہے عمران خان 11 کورٹس میں پیش ہوسکتے ہیں،کچہری میں نہیں، عمران خان جوڈیشل کمپلیکس پیش ہوجائیں گے، ادھرکےلئے ٹائم نہیں بچے گا یہ کونساطریقہ ہے، فرد جرم عائد ہونی ہے ادھر آجائیں، فرد جرم عائد ہوجائے تو پھر چلے جائیں،عدم پیشی پر ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرکے سماعت 7 مارچ تک ملتوی کردی۔
بعدازاںاسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ فوجداری کیس میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی عبوری ضمانت قبل از گرفتاری 9 مارچ تک منظور کرکے ایک لاکھ روپے مچلکے جمع کرانے کا حکم دےدیا،اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے کیس پر سماعت کی،سماعت کے دوران عمران خان کے بھانجے حسان نیازی کو عدالت سے باہر جانے کی ہدایت کی گئی،چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے عبوری ضمانت منظور ہونے پر کھڑے ہو کر عدالت کا شکریہ ادا کیا، میڈیا سے مختصر گفتگو میں عمران خان نے کہا ابھی بنی گالہ جانے کا ارادہ نہیں واپس لاہور ہی جاوں گا۔
عبوری ضمانت سے قبل سابق وزیر اعظم عمران خان بائیو میٹرک کیلئے اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچے، بائیو میٹرک کی تصدیق کے بعد چیئرمین تحریک انصاف عدالت کے سامنے پیش ہوئے، عدالت نے سابق وزیر اعظم عمران خان کو مقدمے میں شامل تفتیش ہونے کا حکم بھی دیا،سکیورٹی خدشات کے پیش نظر سابق وزیر اعظم عمران خان کی گاڑی کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے اندر لے جانے کی خصوصی اجازت دی گئی، تحریک انصاف کے رہنما بھی ساتھ تھے،اس سے قبل عمران خان 4مختلف مقدمات میں پیشی کےلئے اسلام آباد پہنچے ،پیشی کے موقع پر شدید بدنظمی دیکھنے میں آئی، پی ٹی آئی کارکنوں نے جوڈیشل کمپلیکس پر دھاوا بول دیا،توڑ پھوڑ کرتے ہوئے جوڈیشل کمپلیکس میں جاگھسے ، سکیورٹی انتظامات درہم برہم ہوگئے۔
پی ٹی آئی کارکنوں نے تمام رکاوٹوں کو ہٹا دیا،سکیورٹی اہلکار کارکنوں کو روکنے میں ناکام رہے،کارکنوں کی جانب سے شدید نعرے بازی کی گئی،مزید برآںسابق وزیر اعظم عمران خان کی پیشی پر جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد میں توڑ پھوڑ کا مقدمہ دہشت گردی ایکٹ سمیت سنگین دفعات کے تحت درج کرکے متعدد افراد کو گرفتار کرلیا گیا، مقدمے کے متن میں کہا گیامنصوبے کے تحت جوڈیشل کمپلیکس اور ہائی کورٹ پر حملے کی کوشش کی گئی،سیاسی جماعت کے رہنما ہجوم کی قیادت کر رہے تھے جنہوں نے عوام کو نقصان کیلئے اکسایا اور توڑ پھوڑ پر آمادہ کیا، جوڈیشل کمپلیکس میں سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا گیا،پولیس کے مطابق ہجوم میں سے کلاشنکوف و دیگر اسلحہ سمیت 25 افراد کو حراست میں لیا دیگر کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں، گرفتاریوں کیلئے مختلف صوبوں میں پولیس ٹیمیں روانہ کردیں۔