مہنگائی کیخلاف ٹی ایل پی کی ہڑتال، لاہور میں زبردستی دکانیں بند کروا دیں

لاہور(کامرس رپورٹ) ملک میں بڑھتی مہنگائی کے خلاف تحریک لبیک پاکستان کی جانب سے ملک گیر ہڑتال کا اعلان کیا گیا ،ہڑتال کے پیش نظر کراچی میں کھارادر، برنس روڈ، اولڈ سٹی ایریا میں کہیں کہیں ہوٹل بند رہے جبکہ شہر کی غیر یقینی صورتحال پر متعدد سکول بھی آج بند رہے تاہم سڑکوں پر ٹرانسپورٹ رواں دواں رہی ہے،دوسری جانب ہڑتال کی کال پر نواب شاہ میں چکرا بازار، مارکیٹ روڈ اور سکرنڈ روڈ پر دکانیں بند ہیں جبکہ قاضی احمد شہر میں بھی دکانیں بند اور ٹریفک معمول سے کم ہے،سجاول میں پبلک پارک، مین بس سٹاپ سمیت تجارتی مراکز، ہوٹل اور پٹرول پمپس بند رہے جبکہ حب میں اوتھل، وندر اور بیلہ میں شٹرڈاو¿ن ہڑتال ہے، اس موقع پر کاروباری مراکز اور پیٹرول پمپس بھی بند ہیں،ادھرتحریک لبیک کی ڈنڈا بردار فورس نے تاجروں کے انکار پر لاہور میں کشمیر بلاک، کراچی بلاک، اعظم مارکیٹ اور دیگر بازاروں کو زبردستی بند کرادیا، تاجروں نے کہاہے یہ لوگ دینی نعرے لگاتے ہوئے کسی پر بھی چڑھائی کردیتے ہیں،تفصیلات کے مطابق ٹی ایل کی جانب سے مہنگائی کے خلاف ہڑتال کا اعلان کیا گیا ،تاجروں نے ٹی ایل پی پر زبردستی دکانیں بند کرانے کا الزام عائد کر دیا،تاجروں نے کہا ہے ٹی ایل پی کی ڈنڈا بردار فورس نے کشمیر بلاک، کراچی بلاک، اعظم مارکیٹ، نیو عالمگیر مارکیٹ شاہ عالم اور اطراف کو زبردستی بند کرادیا، یہ لوگ دینی نعرے لگا تے رہے اور دکانیں زبردستی بند کروادیں،صدر انجمن تاجران لاہور مجاہد مقصود بٹ اور صدر اعظم کلاتھ مارکیٹ کشمیر بلاک ملک زمان نے بتایا تحریک لبیک کے کارکنان 50موٹر سائیکلوں پر ٹولیوں کی شکل میں مارکیٹوں میں گھوم رہے تھے، بند روڈ نیازی اڈہ، شیزان فیکٹری کے اطراف بھی دکانیں بند کرادیں،بند روڈ کے قریب شہر کی سب سے بڑی فرنیچر مارکیٹ کے تاجران بھی پریشان رہے ہیں، انہوں نے کہا ہے یہ لوگ دینی نعرے کو جواز بنا کر کسی پر بھی چڑھائی کردیتے ہیں، نہ ان کے خلاف ہیں نہ حق میں، ایسے حالات میں فرنیچر مارکیٹ بند کردیں گے،اسی طرح اچھرہ بازار میں تحریک لبیک کے جتھے نے دکانیں بند کرادیں، تحریک لبیک کے کارکنان کا جتھہ ہال روڈ بھی پہنچ گیا، تحریک لبیک کے کارکنان نے ہال روڈ کا داخلی راستہ بند کردیا، تحریک لبیک زبردستی شہر میں ہڑتال کروانے پر تل گئی، پیپر مارکیٹ گنپت روڈ بھی تحریک لبیک کے کارکنان نے بند کرادئیے،اسی تناظر میں ہال روڈ پر دکان داروں کی بڑی تعداد دکانوں کے باہر موجود ہے، ہال روڈ کے تاجران دکانیں کھولنے کے منتظر ہیں، تاجروں نے انتظامیہ اور پولیس سے تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاہم تحریک لبیک ایم کیو ایم کی طرز پر شہر میں زبردستی ہڑتال کرانے پر تل گئی ہے،تاحال پولیس اور تحریک لبیک کے کارکنان کے مابین آنکھ مچولی جاری رہی، تحریک لبیک مارکیٹیں زبردستی بند کرانے اور پولیس کھلوانے میں مگن ہے، پولیس اردو بازار میں پہنچی اور تحریک لبیک کی جانب سے بند کرائی گئی دکانیں کھلوادیں،اردو بازار کے تاجروں نے بتایا 20 سے 25موٹر سائیکل سواروں کا گروپ دکانیں بند کرارہا ہے، ٹی ایل پی نے شاہ عالم مارکیٹ میں زور زبردستی کرکے کھلی مارکیٹ کو بند کروا دیا، پولیس کی موجودگی کے باوجود تاجر برادری بے بس ہوگئی جبکہ کارکنان کی جانب سے تاجروں کو دکانیں کھولنے پر دھمکیاں مل رہی ہیں۔