کیف (مشرق نیوز) سعودی عرب نے یوکرین کے ساتھ ایک معاہدے اور مفاہمت کی ایک یادداشت (ایم او یو)پر دست خط کیے ہیں، جس کے تحت سعودی عرب جنگ زدہ ملک کو انسانی امداد کے طورپر40 کروڑڈالرنقدی یا مصنوعات کی شکل میں مہیا کرے گا۔عرب ٹی وی کے مطابق دونوں ملکوں کے درمیان یہ معاہدہ اور سمجھوتاسعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کے یوکرینی دارالحکومت کیف کے دورے کے موقع پر طے پایا ۔ ان کی قیادت میں سعودی وفد نے یوکرین کے صدرولودی میرزیلنسکی سے کیف میں ان کی صدارتی رہائش گاہ پرملاقات کی۔سعودی وزیرخارجہ نے اپنے یوکرینی ہم منصب دمترو کلیبا اورصدر کے دفتر کے سربراہ آندرے یرماک سے بھی ملاقات کی۔سعودی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے ان ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امورکے علاوہ مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کے مواقع پرتبادلہ خیال کیا ۔سعودی عرب کی سفارتی کوششوں کا مقصد یوکرین کے بحران کوپرامن طریقے سے حل کرنا اور یوکرین اور اس کے عوام کوجنگ کے سماجی اور معاشی منفی اثرات کو کم کرنے کیلئے مدد مہیاکرنا ہے۔
سعودی وزیرخارجہ کادورہ یوکرین ،40کروڑڈالرامدادکااعلان



















