نیوم سٹی میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے جدہ میں ڈسکور نیوم ٹور کا آغاز

ریاض (مشرق نیوز) سعودی عرب کے بحیرہ احمر میں زیر تعمیر 500 بلین ڈالر کے میگا پروجیکٹ نیوم شہر میں سرمایہ کاری کے مواقع کو فروغ دینے کیلئے جدہ میں ڈسکور نیوم ٹورکا آغاز کیا گیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق نیوم منصوبہ تعمیراتی مرحلے میں داخل ہوچکا ہے اور اس کی پہلی منزل سندالہ جزیرہ 2024 تک مکمل ہوجائے گا۔یہ ایونٹ جو کہ سعودی عرب کے مختلف شہروں میں منعقد ہوگا، نیوم کے مختلف منصوبوں اور علاقوں بشمول دا لائن ، اوکساگون ، سندالہ جزیرہ اور ٹروجینا میں ہونے والی تیز رفتار پیشرفت کو اجاگر کرنے کیلئے جاری کوششوں کا حصہ ہے۔سعودی عرب کے دوسرے بڑے شہر جدہ میں ڈسکور نیوم ٹور کے آغاز میں متعدد صنعتی کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔ایونٹ میں منصوبے کے اہم پہلووں پر روشنی ڈالی گئی اور بتایا گیا کہ یہ کس طرح انسانی ترقی کو تیز کر رہا ہے، اختراعات کو فروغ دے رہا ہے ، دنیا بھر کے روشن ترین ذہنوں کو اپنی طرف متوجہ کر رہا ہے اور اس کی بدولت ملک کا تیل پر مبنی معیشت پر انحصار کم ہوگا۔ملاقاتوں میں تبادلہ خیال کیا گیا کہ کس طرح نیوم پائیداری کے بہترین طریقوں اور قدرتی وسائل کو محفوظ رکھنے کے ساتھ ساتھ سرکلر اکانومی کی بنیاد پر شعبوں میں جدت لائے گا۔نیوم کے سی ای او نظمی النصر نے کہا کہ اس ایونٹ میں ہم نیوم کے منفرد وژن اور سٹریٹجک مقاصد کے تحت غیر معمولی طرزحیات ، کاروبار، پائیداری ، استحکام اور اہم اقتصادی شعبوں کو ترقی دینے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔