لاہور (ہیلتھ رپورٹر) نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے سروسزانسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسزآڈیٹوریم میں پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی کی جانب سے منعقدہ آگاہی سیمینارمیں بطورمہمان خصوصی شرکت کی۔ سیمینارمیں ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈہیلتھ کئیراینڈمیڈیکل ایجوکیشن اشفاق الرحمن سمیت ڈاکٹرز، علماءکرام اور طلبا ءطالبات کی کثیرتعدادنے شرکت بھی کی۔ ڈائریکٹر جنرل پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی پروفیسر ڈاکٹر شہزاد انور نے حاضرین کو آگاہی سیمینارکے اغراض ومقاصدسے آگاہ کیا۔ نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹرجاویداکرم نے کہاکہ ہمارے معاشرے میں انسانی اعضاءکو عطیہ کرنے کے حوالے سے لوگوں کانظریہ بدلنے کی اشدضرورت ہے۔پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی نے زندگی میں اعضاءعطیہ کرنے کیلئے رجسٹریشن کاآغازکردیاہے۔ڈاکٹرجاویداکرم نے کہاکہ جس طرح ہم خون عطیہ کرتے ہیں اسی طرح اپنے اعضاءبھی عطیہ کرنے کااجرعظیم ہے۔حدیث کامفہوم ہے کہ جس نے ایک انسان کی جان بچائی گویاساری انسانیت کی جان بچائی۔یہ جان اللہ پاک کی ہمارے پاس امانت ہے اس لئے اس کاخیال رکھناہماری ذمہ داری ہے۔موت ایک حقیقت ہے اسلئے اپنے اعضاءعطیہ کرناثواب عظیم ہے۔نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹرجاویداکرم نے کہاکہ انسان کے اندرمذہب سے بالاترہوکراپنے اعضاءعطیہ کرنے کا جذبہ ہوناچاہئے۔ہمارے معاشرے میں اپنے اعضاءکسی بیمارکیلئے عطیہ کرنے کے حوالے سے آگاہی پھیلانابہت ضروری ہے۔پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی میں بورڈبنائیں گے جس میں مختلف سپیشلٹیزکے پروفیسرزکوشامل کیاجائے گا۔نگران صوبائی وزیر صحت نے مزیدکہاکہ پنجاب میں انسانیت کے دشمن عطائیوں کے خلاف گرینڈآپریشن کررہے ہیں۔صوبہ بھر میں انسانی اعضاءکی غیرقانونی پیوندکاری کوروکنے کیلئے مافیاکے خلاف سخت کارروائی عمل میں لارہے ہیں۔پنجاب میں انسانی اعضاءکی غیرقانونی پیوندکاری کے مجرمان کو دس سال قیداور ایک کروڑروپے جرمانے کا حکم ہے۔ابھی تک پنجاب میں انسانی اعضاءکی غیرقانونی پیوندکاری میں ملوث مافیاکے خلاف 28مقدمات درج کروائے گئے ہیں۔نگران صوبائی وزیر صحت نے پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی کو تعلیمی اداروں میں جاکراس حوالے سے آگاہی پھیلانے کی ہدایت کی۔ ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ مرحوم پروفیسر فیصل مسعودکے ساتھ خود بیٹھ کرکری کولم کوحتمی شکل دی تھی۔نگران صوبائی وزیر صحت نے پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی کیلئے تاریخی خدمات اداکرنے پرمرحوم پروفیسرفیصل مسعودکو خراج تحسین پیش کیا۔نگران صوبائی وزیر صحت نے بہترین آگاہی سیمینارمنعقدکروانے پر پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی کو مبارکباد دی۔ ڈائریکٹر جنرل پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی پروفیسرڈاکٹرشہزادانورنے کہاکہ پنجاب میں ابھی تک لیور،کڈنی،کورنیہ ودیگرٹرانسپلانٹس کے مجموعی طورپر6649کیسزمنظورکئے جاچکے ہیں۔پی ہوٹاکے لاہور،فیصل آباداور راولپنڈی میں دفاترمکمل طورپرفعال ہیں۔ڈاکٹرشہزادانورنے کہاکہ اپنے اعضاءکی زندگی میں رجسٹریشن کروانے کیلئے پی ہوٹا کی ویب سائٹ یاہیلپ لائن پر رابطہ کیاجاسکتاہے۔اپنے اعضاءعطیہ کرنے سے کسی ضرورتمندمریض کی جان بچائی جاسکتی ہے۔پرنسپل سروسزانسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسزپروفیسرڈاکٹرفاروق افضل نے بہترین آگاہی سیمینارمنعقدکروانے پر ڈی جی پی ہوٹاکو مبارکباد دی۔
انسانی اعضاءعطیہ کرنے کیلئے لوگوں کانظریہ بدلنے کی اشدضرورت ہے:ڈاکٹر جاوید اکرم



















