قومی سوچ اپنانے سے مسائل حل ہونگے: گورنر پنجاب

لاہور (اپنے رپورٹر سے) گورنر پنجاب بلیغ الرحمن سے گورنر ہاﺅس لاہور میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد نے صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری احسن ظفر بختاوری کی قیادت میں ملاقات کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے کہا کہ ملکی معیشت کا استحکام حاصل کئے بغیر ہم ترقی کی راہ پر گامزن نہیں ہوسکتے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ملکی معیشت کی ترقی اور بہتری کےلئے اپنے تمام تر وسائل کو یقینی بنارہی ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ قومی سوچ اپنانے سے مسائل باآسانی حل ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلاشبہ تاجر برادری قومی معیشت میں اہم کردار ادا کررہی ہے اور کاروباری سرگرمیوں کی بدولت لوگوں کے لئے روزگار اور کاروبار کے نئے مواقع پیدا ہوتے ہیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ کاروبار سے وابستہ مخیر حضرات نے گورنر ہاﺅس سے سیلاب متاثرین کیلئے اربوں روپے کا امدادی سامان بھیجا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں پالیسیوں کا تسلسل بہت اہم ہے ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ گورنر ہاﺅس لاہور کے دروازے بزنس کمیونٹی کیلئے ہمیشہ کھلے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ اب تک وہ متعدد بزنس کمیونٹی کے وفود سے ملاقاتیں کرچکے ہیں اور ان کے مسائل متعلقہ حلقوں تک پہنچا چکے ہیں ۔اس موقع پر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ ملک کے معاشی حالات کی وجہ سے کاروباری حضرات مشکل وقت سے گزر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت انڈسٹری سے متعلق پالیسیاں بناتے وقت کاروباری برادری کے نمائندوں کو بھی اعتماد میں لینا چاہئے اور ملک میں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے پالیسیوں کا تسلسل ہونا چاہئے۔