لاہور( نمائندہ خصوصی)پاکستان علما ءکونسل کے زیر اہتمام مرکزی چیئرمین حافظ طاہر محمود اشرفی کی زیر صدارت ہونے والے علما ءو مشائخ کنونشن کے مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ وطن عزیز پاکستان کے موجودہ حالات کے تناظر میں وطن عزیز کے تمام طبقات پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اصلاح احوال کیلئے ہر قسم کے تعصبات سے بالا تر ہو کر جدوجہد کریں، پاکستان میں آئین اور قانون کی بالا دستی ہو اور سیاسی معاملات باہمی مفاہمت و مذاکرات سے حل کئے جائیں، تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں ملک و قوم کی خاطر اپنے ذاتی جماعتی تعصبات کو قربان کریں اور ایک میز پر بیٹھ کر دہشت گردی ، انتہا پسندی ، ملک کی معاشی و اقتصادی و معاشرتی صورتحال کا حل نکالیں، وزیر اعظم میاں شہباز شریف آل پارٹیز کانفرنس بلائیں اور عمران خان صاحب اس میں شریک ہوں، اس سلسلہ میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف الرحمن علوی اپنا مثبت اور مفاہمانہ کردار ادا کریں۔حافظ طاہر محمود اشرفی نے علماءو مشائخ کنونشن کا مشترکہ اعلامیہ جاری کیا جس میں کہا گیا کہ انتہائی افسوسناک امر یہ ہے کہ عدلیہ جو کہ کسی بھی ملک و قوم کیلئے انصاف کا اعلی ترین اور آخری مرکز ہوتا ہے اس حوالہ سے بھی بہت سارے مسائل سامنے آ رہے ہیں ۔ محترم چیف جسٹس آف پاکستان عدلیہ کے حوالے سے سامنے آنے والے مسائل کا فوری حل کریں۔ گزشتہ چند دنوں کے دوران سامنے آنے والی گفتگو کا بھی مفصل جائزہ لیا جائے اور حقائق قوم کے سامنے لائے جائیں۔ انتہا پسندی ، دہشت گردی کے خاتمے اور بین المسالک و بین المذاہب رواداری کیلئے پاکستان کے علما و مشائخ نے ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے ۔ پیغام پاکستان کی صورت میں متفقہ دستاویز سب کے سامنے ہے ۔ حالات میں بہتری اور اصلاح کیلئے پیغام پاکستان اور قومی ایکشن پلان پر مکمل عمل کیا جائے۔ ملک بھر کے علما ءو مشائخ وطن عزیز پاکستان کے امن و سلامتی اور استحکام کیلئے حکومت ، افواج پاکستان اور ملک کے سلامتی کے اداروں کے ساتھ ہر ممکن سطح پر تعاون کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے ۔ پاکستان دشمن قوتوں کی پلاننگ کے تحت افواج پاکستان اور ملک کے سلامتی کے اداروں کے خلاف مہم چلائی جا رہی ہے جس کا مقصد قوم اور فوج کے درمیان تقسیم پیدا کرنا ہے ، اسی طرح کی مہمز مختلف اوقات میں ماضی میں بھی چلائی جاتی رہی ہیں لیکن نہ یہ ماضی میں کامیاب ہوئی ہیں اور نہ ہی اب کامیاب ہوں گی ۔ پاکستان کی قوم اپنی افواج اور سلامتی کے اداروں کے ساتھ ہیں اور ان کی پشت پر کھڑی ہے ۔ ملک میں آئین اور قانون کے مطابق انتخابات ہونے چاہئیں ، اس حوالہ سے الیکشن کمیشن کو اپنی ذمہ داری پوری کرنی چاہیے، پاکستان علما ءکونسل نے فیصلہ کیا ہے کہ انتخابات میں براہ راست حصہ نہیں لے گی ، لیکن ہمارے رہنما و کارکنان اپنے نظریات و افکار کے قریب امیدواروں کی بھرپور مدد کریں گے اور اس حوالہ سے پاکستان علما ءکونسل کے مقامی ذمہ داران باہمی مشاورت سے مرکز کو آگاہ کریں گے اور مرکز حتمی فیصلہ کرے گا۔ پاکستان علما ءکونسل کی سالانہ پیغام اسلام کانفرنس 28 مارچ کو اسلام آباد میں ہو گی ، رمضان المبارک کی وجہ سے اس سال بیرونی مہمان ورچوئل خطاب کریں گے ۔ پاکستان علما ءکونسل برادر اسلامی ممالک ترکی اور شام میں زلزلہ زدگان سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے ، وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف کے دورہ ترکی کی تحسین کرتی ہے ۔ عالمی دنیا بالخصوص اسلامی دنیا سے اپیل کرتی ہے کہ ترکی اور شام کے زلزلہ زدگان کی بھرپور امداد کی جائے ، بالخصوص شام پر پابندیوں کو ختم کریں تا کہ زلزلہ زدگان کی بھرپور مدد ہو سکے۔۔ پاکستان علما کونسل ملک بھر کے تمام تجار اور صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کرتی ہے کہ رمضان المبارک کی آمد سے قبل غیر فطری، غیر ضروری مہنگائی کے عفریت کو روکنے کیلئے ہر ممکن اقدام کریں اور عوام الناس کی سہولت کیلئے سستے بازار حکومتی اور تاجروں کی سطح پر لگائے جائیں۔۔ پاکستان علما کونسل ملک میں بڑھتی ہوئی عدم برداشت ، انتہا پسندی ، دہشت گردی ، آبادی کے مسائل ، طلاق کے بڑھتے ہوئے رحجانات ، نکاح اور شادی کو آسان بنانے ، سودی نظام کے خاتمے ، وراثت میں خواتین کے حقوق اور دیگر اہم امور کے حوالہ سے ایک مکمل حکمت عملی طے کر رہی ہے ، ان ہی امور کیلئے پاکستان علما کونسل کے زیر اہتمام ملک بھر میں آئمہ ، خطبا ، علما اور عوام الناس کیلئے تربیتی اور مشاورتی نشستوں کا اہتمام کیا جا رہا ہے ۔ ملک کے موجودہ حالات میں بہتری اور ایک جامع حکمت عملی کو منظم شکل دینے کیلئے تمام دینی و سیاسی جماعتوں کی قیادت سے رابطوں کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے جسے مزید بہتر انداز میں چلایا جائے گا۔کنونشن سے چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی ،علامہ عبد الحق مجاہد،مولانا محمد رفیق جامی، مولانا اسعد زکریا قاسمی، مولانا نعمان حاشر، مولانا محمد شفیع قاسمی، علامہ زبیر عابد ،مولانا اسد اللہ فاروق،مولانا حق نواز خالد، مولانا عبید اللہ گورمانی، مولانا محمد اشفاق پتافی، مولانا طاہر عقیل اعوان ،مولانا ابو بکر حمید صابری، علامہ طاہر الحسن ،مولانا عزیز اکبر قاسمی، مولانا عبد الستار، مولانا اسلم صدیقی ، مولانا سعد اللہ شفیق اور دیگر نے خطاب کیا۔
سیاسی معاملات باہمی مفاہمت و مذاکرات سے حل کئے جائیں:علماءمشائخ کنونشن



















