آرڈیننس فیکٹری منصوبے کے متاثرین کو مارکیٹ ریٹ پر ادائیگی کا حکم

اسلام آباد(بیورورپورٹ)حکومت ،وزارت دفاع کی اپیلیں مسترد،33 سال بعد آرڈیننس فیکٹری کی زمین کا تنازع حل ، متاثرین کو مارکیٹ ریٹ پر ادائیگی کا حکم،تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ نے آرڈیننس فیکٹری توسیعی منصوبے پر اراضی تنازع کیس کا 33 سال بعد فیصلہ سنا دیا ،عدالت نے کم قیمت پر زمین کی خریداری کیلئے وفاقی حکومت اور وزارت دفاع کی اپیلیں مسترد کرکے آرڈیننس فیکٹری منصوبے کے متاثرین کو مارکیٹ ریٹ پر ادائیگی کا حکم دیدیا ،چیف جسٹس کی سربراہی میں 3رکنی بنچ نے فیصلہ سناتے ہوئے کہاعوامی منصوبے کیلئے کسی شہری سے مارکیٹ ریٹ پر زمین لینابنیادی حق ہے، کسی منصوبے کیلئے شہریوں سے زبردستی سستی زمین لینا بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے،عدالت نے قرار دیا عوامی منصوبے کیلئے شہریوں سے زمین لینے کیلئے گائیڈ لائنز ہونی چاہئیں، آرڈیننس فیکٹری توسیعی منصوبے کیلئے 29 ہزار کنال زمین 30 ہزار روپے فی کنال پر خریدی جائے، عوامی منصوبوں کے متاثرین کو جائز حق دینے کیلئے کوئی طریقہ کار نہیں بنایا، یہی وجہ ہے ہزاروں مقدمات عدالتوں میں آتے ہیں، عوامی منصوبوں کیلئے زمین کے حصول کے تنازعات حل کرنے کیلئے قانون سازی کی اشد ضرورت ہے،سپریم کورٹ نے مزید کہا عوامی منصوبوں کی اراضی کے مارکیٹ ریٹ کے تعین کیلئے کسی کی من مانی چل سکتی ہے نہ ہی کسی کی مرضی، بدقسمتی سے اراضی مالکان کو زمین کی اصل قیمت ملنے کیلئے 30سال انتظار کرنا پڑا۔