واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکہ نے ایک بار پھر پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان کے الزام تراشیوں کے کھیل کا حصہ بننے سے انکار کردیا۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس سے ایک صحافی نے پوچھا کہ عمران خان نے امریکا پر رجیم چینج کے لگائے گئے الزام پر اب ایک نیا موقف دیا ہے۔ اس پر آپ کیا کہیں گے؟جس پر ترجمان امریکی وزارت خارجہ نے کہا کہ میں الزام تراشی کے اس کھیل (Blame Game) پر ہونے والی نئی پیشرفت پر کوئی تبصرہ نہیں کروں گا۔ ہم اس کا حصہ نہیں بننا چاہتے کیوں کہ جب یہ الزام پہلی بار سامنے آیا تھا، ہم نے واضح طور پر اور مسلسل یہی کہا تھا کہ ان الزامات میں کوئی صداقت نہیں۔نیڈ پرائس نے مزید کہا کہ چاہے الزام تراشی کا کھیل ختم ہو یا نہ ہو، ہم پروپیگنڈے اور غلط معلومات کو پاکستان کے ساتھ ہمارے قابل قدر دو طرفہ تعلقات کی راہ میں حائل نہیں ہونے دیں گے۔ خوشحال اور جمہوری پاکستان کو اپنے مفادات کے لیے اہم سمجھتے ہیں۔امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نے مداخلت کے تاثر کو زائل کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ نے پاکستان کی اندرونی سیاست پر کبھی کوئی پوزیشن نہیں لی جب پاکستان کے اندر مختلف سیاسی کھلاڑیوں کی بات آتی ہے تو ہمارے پاس ایک سیاسی امیدوار یا پارٹی کے مقابلے میں دوسری پوزیشن نہیں ہوتی۔نیڈ پرائس نے مزید وضاحت کی کہ اور ایسا ہم دنیا بھر کے دیگر ممالک کے ساتھ بھی کرتے ہیں۔ امریکا جمہوری، آئینی اور قانونی اصولوں کی پرامن حکمرانی کی حمایت کرتا ہے۔
عمران خان کے بلیم گیم کا حصہ نہیں بننا چاہتے: امریکہ



















