پاکستان کو ہر حال میں معاشی طور پر مضبوط اور مستحکم کرنا ہے: گورنر پنجاب

لاہور (اپنے رپورٹر سے) گورنر پنجاب بلیغ الرحمن سے گورنرہاﺅس لاہور میں مشہور امریکی ٹیکسٹائل برانڈ سے وابستہ اوورسیز پاکستانی سرمایہ کاروں کے وفد نے ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے کہا کہ پاکستان اس وقت معاشی ترقی کے حوالے سے اہم مراحل سے گزر رہا ہے اور موجودہ حکومت اس بات کا تہیہ کئے ہوئے ہے کہ پاکستان کو ہر حال میں معاشی طور پر مضبوط اور مستحکم کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل کی صنعت ملکی معیشت کی ترقی کے علاوہ روزگار فراہم کرنے کا بہت بڑا ذریعہ ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ بلاشبہ پاکستانی ٹیکسٹائل مصنوعات پوری دنیا میں اپنی اچھی کوالٹی کی وجہ سے نمایاں مقام رکھتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیکسٹائل مصنوعات کو اپنی بہترکوالٹی کی وجہ سے یورپ، امریکہ اور دنیا کے بیشتر ممالک میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی سرمایہ کاروں کا پاکستان سے ٹیکسٹائل کی مصنوعات امپورٹ کرنے کا عندیہ خوش آئند بات ہے۔انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاری سے پاکستان کی ٹیکسٹائل ایکسپورٹس بڑھنے کے ساتھ مقامی لوگوں کو ملازمت کے وسیع مواقع میسر آئیں گے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ حکومت غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ساز گار ماحول فراہم کرنے کیلئے بھر پوراقدامات اٹھارہی ہے۔اس موقع پر وفدکے سربراہ ڈائریکٹر، ڈلرڈ سورسنگ ،عمار روپانی نے کہا کہ پاکستان میں ٹیکسٹائل مصنوعات کی درآمد کا دائرہ کار مزید بڑھایا جائے گا۔وفد میں ڈائریکٹر ڈلرڈ سورسنگ عمار روپانی خرم جاوید ، نعیم بین ، مقامی سرمایہ کار میاں نعمان طلعت اور میاں عبدالرحمن طلعت شامل تھے۔