اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ضمنی مالیاتی بل 2023ءقومی اسمبلی اور سینیٹ میں پیش کر تے ہوئے کہا ہے کہ لگژری اشیاءپر سیلز ٹیکس 17 سے 25 فیصد کرنے، شادی ہالوں کی تقریبات کے بلوں پر 10 فیصد ٹیکس عائد کرنے، سیمنٹ پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی میں ڈیڑھ سے 2 روپے فی کلوگرام اضافہ، سگریٹ اور مشروبات پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی شرح میں اضافے کی تجویز ہے، محصولات کا 170 ارب موجودہ اور پچھلا ٹارگٹ پورا کیا جائےگا، ہوائی سفر میں فرسٹ کلاس اور بزنس کلاس میں فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ٹکٹ کا 20 فیصد یا 50 ہزار روپے میں سے جو بھی زیادہ ہو، وہ عائد کی جائےگی، جی ایس ٹی کی شرح کو 17 فیصد سے بڑھا کر 18 فیصد کردیا، مسلم لیگ (ن )کے گزشتہ دور میں معیشت ترقی کررہی تھی، پی ٹی آئی کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے ملک کو نقصان پہنچا، پی ٹی آئی کے دور میں ملکی تاریخ کے ریکارڈ قرضے لئے گئے، حکومت سنبھالی تو ملک پر 34 ہزار ارب کا قرض تھا، ہم نے عمران حکومت کے آئی ایم ایف سے کئے وعدوں کو نبھایا اور اسکی بہت بڑی سیاسی قیمت ادا کررہے ہیں، ہم سمجھتے ہیں سیاست نہیں ریاست اہم ہے، کوشش ہے غریب عوام پر کم سے کم بوجھ پڑے، اسی تناظر میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے وظیفے میں اضافہ کیا جا رہا ہے، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقم میں 40 ارب روپے کا اضافہ کیا گیا ہے، بی آئی ایس پی کی رقم 360 ارب روپے سے بڑھا کر 400 ارب روپے کی جا رہی ہے، کسانوں کو زرعی آلات پر سستے قرضے دیے جائیں گے۔ ادویات، پیٹرولیم، سپورٹس کی ایل سی کھولنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، ابتدائی طور پر معاشی ترقی کی رفتار سست ہوگی مگر بعد میں یہ شرح 4 فیصد تک جائےگی، وزیراعظم شہباز شریف جلد مالیاتی ضمنی بل پر قوم کو اعتماد میں لیں گے، وزیراعظم اور کابینہ اپنے اخراجات کم کرنے کا پلان دےگی جبکہ سینٹ میں اپوزیشن نے شدید احتجاج کرتے ہوئے چیئرمین سینٹ کے ڈائس کا گھیراﺅ کرلیا، بل کی کاپیاں پھاڑ دیں، چیئرمین سینٹ نے بل متعلقہ کمیٹی کو بھجوا دیا۔ بدھ کو قومی اسمبلی کا اجلاس سپیکر راجہ پرویز اشرف کی زیرصدارت مقررہ وقت سے تقریباً ایک گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہوا۔ اجلاس میں وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے ضمنی مالیاتی بل 2023ءایوان میں پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل کہ میں فنانس سپلیمنٹری بل پر اس ایوان کو اعتماد میں لوں، میں آپکی اجازت سے ماضی قریب کی معاشی تاریخ کا ایک مختصر جائزہ پیش کرنا چاہتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے پانچ سالہ دور میں مجموعی قومی پیداوار کے حجم میں 112 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا جبکہ پی ٹی آئی کے چار سالہ دور حکومت میں ناقص معاشی پالیسیوں کے نتیجے میں صرف 26 ارب ڈالر کا جی ڈی پی کا اضافہ ہوسکا۔ انہوں نے کہا کہ جب 2013ءمیں میاں نوازشریف نے وزارت عظمیٰ میں حکومت کی باگ ڈور سنبھالی تو پاکستان میں فی کس 1389 ڈالر تھی، اس میں مضبوط معاشی پالیسیوں اور ہمارے قائد نوازشریف کے وژن کی بدولت یہ 379 ڈالر کے واضح اضافے کے ساتھ 1768 ڈالر تک پہنچ گئی۔ انہوںنے کہا کہ آنے والی حکومت اپنے سطحی قسم کے اقدامات کی وجہ سے چار سال کے عرصے میں فی کس آمدن میں صرف 30 ڈالر کا اضافہ کر کے اس آمدنی کو 1798 ڈالر تک لے جاسکی۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان سٹاک ایکسچینج کی 2018ءمیں مارکیٹ کیپیٹلائزیشن 100 ارب ڈالر کے قریب تھی اور پاکستان پر سرمایہ داروں کے اعتماد کو ظاہر کرتی تھی، اسکو پی ٹی آئی کی حکومت نے 26 اربن ڈالر پر لا کر کھڑا کیا، یہ سرمایہ داروں کے پی ٹی آئی حکومت پر عدم اعتماد پر ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) ملکی قرضوں میں ہمیشہ کم سے کم اضافے کی کوشش کرتی ہے تاہم 2018ءمیں پی ٹی آئی حکومت آئی تو 1947ءسے اس سال تک پاکستان کے مجموعی قرضوں کا حجم 24 ہزار 953 ارب تھا جو پی ٹی آئی کے چار سالہ دور حکومت میں بڑھ کر 44 ہزار 383 ارب ہوگیا، یہ قرضوں کا حجم جو 2018ءمیں جی ڈی پی کا 63.7 فیصد تھا، وہ بڑھ کر 2022ءمیں 73.5 فیصد ہوگیا، اسکے نتیجے میں ہماری سالانہ قرضوں کی سروسنگ بدقسمتی سے 5 ہزار ارب روپے سے تجاوز کرجائےگی۔ انہوں نے کہا کہ 2013ءسے 2018ءکے دوران پائیدار بلند شرح نمو کے نتیجے میں پاکستان کی معیشت دنیا میں 24 ویں نمبر پر آگئی تھی، دنیا کے معتبر ادارے پاکستان کی ترقی کے معترف تھے، جاپان کے معروف ادارے جیٹرو نے براہ راست ڈائریکٹ سرمایہ کاری کے حوالے سے دنیا کو دوسرا پسندیدہ ملک قرار دیا تھا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ اسی طرح پاکستان سٹاک ایکسچینج جنوبی ایشیا میں نمبر ایک پر تھی، 18-2017ءمیں معیشت کی شرح نمو 6 فیصد سے تجاوز کر چکی تھی، افراط زر کی شرح 5 فیصد تھی، کھانے پینے کی اشیا کی مہنگائی صرف اوسطاً دو فیصد تھی، ان حالات میں اس ملک میں اچانک ایک غیرسیاسی تبدیلی لائی گئی جس نے ایک کامیاب اور بھرپور مینڈیٹ کی حامل حکومت کو اپاہج کر کے رکھ دیا۔انہوںنے کہاکہ 2018ءکے الیکشن میں ایک سلیکٹڈ حکومت وجود میں آئی ، اس سلیکٹڈ حکومت کی معاشی ناکامیوں پر میں اتنا ہی کہنا کافی سمجھوں گا کہ جو ملک دنیا کی 24 ویں معیشت بن چکا تھا وہ 2022ءمیں گر کر دنیا کی 47 ویں معیشت گر گیا، یہ چار سالہ کارکردگی کا نچوڑ تھا، یہ وقت کیا گیا جب یہ کہا جا رہا تھا کہ پاکستان چند سال بعد جی20 ممالک کی فہرست میں شامل ہوگا، چاہے جو بھی جمہوری تبدیلی آتی لیکن کاش کہ ہم اسی ترقی کی شرح کو آگے لےکر جاتے تو آج ہم دنیا کی جی20 میں شامل ہونے کے قریب ہوتے لیکن بدقسمتی سے 2022ءمیں ہم دنیا کی 47 ویں معیشت بن چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں اس معزز ایوان کے توسط سے مطالبہ کرتا ہوں کہ اس معاشی تنزلی کی وجوہات جاننے کیلئے ایک قومی کمیشن تشکیل دیا جائے جو اس بات کا تعین کرے کہ ملکی مفاد کےخلاف یہ سازش کیسے اور کس نے کی اور جس کے نتیجے میں آج ہماری پوری قوم بھاری قیمت ادا کررہی ہے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ موجودہ حکومت کو ایک بیمار معیشت ملی، پچھلے سال جب حکومت میں تبدیلی آئی تو مالیاتی خسارہ موجودہ دور کی بلند ترین شرح 7.9فیصد پر تھا ، بیرون ادائیگیوں کا خسارہ 17.4ارب ڈالر اور تجارتی خسارہ 40ارب ڈالر تک پہنچ چکا تھا، معیشت تباہی کے دہانے پر تھی، ہم 2018 تک معیشت کو مضبوط معاشی بنیادوں پر کھڑا کیا تھا لینک ہمارے پیشرو نے اسے برباد کرکے رکھ دیا۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کو آئے ابھی چند ماہ ہی گزرے تھے اور معیشت کو سنبھالا دیا جا رہا تھا کہ تاریخی سیلاب کی ناگہانی آفت نے پوری قوم کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، اس کی شدت سے اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ سیلاب سے 3 کروڑ 30 لاکھ افراد متاثر ہوئے جس میں سے بیشتر بے گھر ہوئے اور ہمارے 1730 بہن بھائی اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔اسحٰق ڈار نے کہا کہ اس قدرتی آفت سے ورلڈ بینک، ایشیائی ترقیاتی بینک، یورپی یونین، اقوام متحدہ کی تنظیموں اور وزارت منصوبہ بندی کی جانب سے لگائے گئے تخمینے کے مطابق پاکستان کو ان سیلابوں سے 8ہزار ارب روپے سے زیادہ کا نقصان ہوا، پاکستان کی جانب سے اخراج ایک فیصد سے کم ہے اور پاکستان اس وقت موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے دنیا کا آٹھواں سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے۔انہوںنے کہاکہ اس سیلاب کی وجہ سے متاثرہ علاقوں میں بیماریاں پھوٹ پڑیں، کھڑی فصلیں تباہ ہو گئیں خصوصاً کپاس کی قیمتی فصل کا بڑے پیمانے پر نقصان ہوا، قلیل مالی وسائل کے باوجود موجودہ حکومت نے 100ارب روپے فوری ریلیف اور بحالی پر خرچ کیے، 300ارب سے زائد کے وسائل ازسرنو تعمیرات کیلئے موجودہ مالی سال میں وسائل مختص کیے گئے ہیں۔انہوںنے کہاکہ عمران خان حکومت نے 2019ءمیں آئی ایم ایف سے ایک معاہدہ کیا تھا، جن لوگوں نے وہ معاہدہ نہیں پڑھا وہ ایک مرتبہ اسے ضرور پڑھیں، یہ معاہدہ آج کے حالات میں جلتی پر تیل کا کام کیا ہے، یہ ایک حکومت کا نہیں بلکہ ریاست کا معاہدہ ہوتا ہے اور ستم ظریقی یہ کہ عمران خان حکومت نے اپنے ہی کیے ہوئے معاہدے سے انحراف کیا، جب تحریک عدم اعتماد پیش کی گئی تو معاہدے کے کلیدی نکات کے برعکس انہوں نے فیصلے کر دیے اور اس کو ماننے سے انکار کردیا، اس کے نتیجے میں آئی ایم ایف کا معاہدہ تعطل کا شکار ہوا اور آئی ایم ایف اور پاکستان کے درمیان بھروسے کے حوالے سے ایک وسیع خلیج آ گئی۔مسلم لیگ(ن) کے رہنما نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ ایک حکومت نہیں بلکہ ریاست کا معاہدہ ہوتا ہے اور اسی کی روح پر عمل کرتے ہوئے ہماری حکومت نے عمران خان حکومت کی جانب سے کیے گئے معاہدے کو من و عن تسلیم کیا، ناصرف اس معاہدے کو بحال کروایا بلکہ اس بات سے قطع نظر اس معاہدے پر عملدرآمد بھی یقینی بنایا کہ اس سے ان کو کتنا سیاسی نقصان اٹھانا پڑے گا، آج تمام سیاسی جماعتوں کو اس وجہ سے عوامی سطح پر بے پناہ نقصان ہوا تاہم میں ہمیں اس بات پر پختہ یقین ہونا چاہیے کہ ریاست کو سیاست پر فوقیت ہونی چاہیے ، اگر ریاست ہے تو سیاست ہے۔انہوںنے کہاکہ اسی پس منظر میں آئی ایم ایف کا نواں مشن پاکستان آیا اور اس سے ہماری معاشی ٹیم کے 31 جنوری سے 9 فروری تک 10 دن مذاکرات ہوئے، اس کے نتیجے میں ایک مفاہمت ہوئی اور ہم نے مختلف معاملات پر مزید عملدرآمد کرنے کا عندیا دیا، ان معاملات میں سب سے اہم نکتہ اضافی 170ارب روپے کے محصولات کی وصولی کا ہے۔انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کی ٹیم نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو اس مالی سال کے اہداف پورے کرے گا، ان اضالی محصولات کا حکومت کی مالی کارکردگی سے کوئی تعلق نہیں ہے ، پاکستان میں بجلی کے گردشی قرضوں کا ایک دیرینہ بحران کئی سالوں سے چل رہا ہے تاہم اس کا حجم بڑھتا جا رہا ہے، بجلی کی چوری، لائن لاسز، بلوں کی عدم ادائیگی کے نتیجے میں تین ہزار ارب روپے کے لگ بھگ بجلی کے بلوں کے عوض صرف 1600ارب وصول کیا جاتا ہے اور باقی 1400ارب سالانہ نقصان ہے، یہ کسی بھی معیشت کے لیے لمحہ فکریہ ہے، اس قسم کے نقصان کی کوئی بھی ریاست متحمل نہیں ہو سکتی۔انہوںنے کہاکہ 2013 سے 2018 کے دوران ہماری پچھلی حکومت نے اس سنگین معاملے کو سنبھالنے کی بھرپور کوشش کی اور اس کے نتیجے میں گردشی قرضوں کے بڑھنے کی رفتار میں خاطر خواہ کمی آئی، شومئی قسمت کہ پچھلی حکومت نے اس مسئلے پر بھی کوئی توجہ نہیں دی اور ان کی نااہلی کے سبب چار سالہ حکومت کے دوران گردشی قرضہ 2018 میں 1148 ارب سے بڑھ کر 2467ارب روپے تک پہنچ چکا ہے۔اسحٰق ڈار نے کہا کہ بجلی کے شعبے میں اصلاحات ہمارے اپنے معاشی مستقبل کےلئے کلیدی حیثیت رکھتی ہے، اس دگرگوں صورتحال سے نمٹنے کے لیے لازم ہے کہ ہم چند مشکل فیصلے کریں جو آج ہمیں گراں معلوم ہوتے ہیں لیکن بجلی کے شعبے کی اصلاح اور معاشی استحکام کے لیے انتہائی ناگزیر ہیں، اس تناظر میں عالمی مالیاتی اداروں نے بھی اس شعبے کی اصلاحات کو یقینی بنانے پر بہت زور دیا ہے، حکومت نے جن اصلاحات کا فیصلہ کیا ہے اس کے نتیجے میں اس سال شامل ہونے والے 855ارب روپے کے گردشی قرضوں کو کم کر کے 336ارب روپے کیا گیا ، یہ ہمارا نیا ہدف ہے کیونکہ 570ارب روپے اس معزز ایوان نے بجٹ میں منظور کیے ہوئے ہیں، یہ اس کے علاوہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ باقی ماندہ فرق کو پورا کرنے کے لیے بجٹ سے رقم مختص کی جائے گی جس کی وجہ سے بجٹ میں آنے والے مزید خسارے کے کچھ حصے کو نئے محصولات سے حاصل کیا جائے گا لہٰذا اس فنانس بل کے ذریعے کابینہ نے 170ارب روپے کے اضافی ٹیکس لگانے کی منظوری دی ہے۔انہوںنے کہاکہ ہماری کوشش ہے کہ صرف ایسے ٹیکس لگائے جائیں جس کا براہ راست غریب اور متوسط طبقے پر کم سے کم بوجھ آئے اس لیے روزمرہ کی اشیا پر اضافی ٹیکس عائد نہیں کیا گیا، اس تناظر میں اس معزز ایوان میں مندرجہ ذیل ٹیکس تجاویز پیش کی جا رہی ہیں۔وزیر خزانہ نے تجاویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے امیر طبقے پر اضافی ٹیکس لگانے کی حکمت عملی کے تحت اب لگژری آئٹم پر جی ایس ٹی کی شرح کو 17فیصد سے بڑھا کر 25فیصد کی بلند سطح پر لے جانے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسی طرح ہوائی سفر میں فرسٹ کلاس اور بزنس کلاس میں فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ٹکٹ کا 20فیصد یا 50 ہزار روپے میں سے جو بھی زیادہ ہو، وہ عائد کی جائے گی، اس طرح پرتعیش شادی ہالز میں منعقدہ شادی بیاہ میں اصراف دیکھنے کو ملتا ہے لیکن ہم سب کو سادگی اپنانی چاہیے اس لیے فیصلہ کیا گیا ہے کہ شادی کی تقریبات کے بلوں پر 10فیصد کی شرح سے ودہولڈنگ ایڈجسٹیبل ایڈوانس انکم ٹیکس نافذ کیا جائے گا۔نہوںنے کہاکہ عالمی ادارہ صحت نے چند ایسی اشیا ءکی قیمتیں بڑھانے کی سفارش کی ہے جو انسانی صحت کےلئے مضر ہیں، اس لیے سگریٹ، ایریٹڈ، شوگری ڈرنکس پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی شرح میں اضافہ تجویز کیا جا رہا ہے، یہ ڈیڑھ روپے فی کلو گرام تھی اور اسے بڑھا کر 2 روپے فی کلو گرام کرنے کی تجویز ہے، کووڈ سے پہلے بھی یہ دو روپے فی کلو گرام ہی تھی لیکن کووڈ کے دوران اسے کم کیا گیا تھا۔اسحٰق ڈار نے کہا کہ جی ایس ٹی کی شرح کو 17 فیصد سے بڑھا کر 18فیصد کیا جا رہا ہے، اضافی محصولات عائد کرتے ہوئے ہم نے کوشش کی ہے کہ عام استعمال کی اشیا مثلاً گندم، چاول، دودھ، دالیں، سبزیاں، پھل ، مچھلی، انڈوں، کھلے گوشت اور مرغی پر یہ اضافی ٹیکس عائد نہ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کو اس بات کا احساس ہے کہ مہنگائی نے ہمارے غریب بہن بھائیوں کی مشکلات میں اضافہ کیا ہے، اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے مستفید ہونے والے افراد کے ماہانہ وظیفے میں اضافہ کیا جائے اور اس کے لیے 40ارب روپے مزید مختص کیے جا رہے ہیں، یعنی ایوان کی جانب سے مختص 360ارب روپے کو بڑھا کر 400ارب روپے کیا جا رہا ہے ۔اجلاس کے دور ان سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ یہ بل قائمہ کمیٹی کو نہیں بھجوایا جارہا۔ بعد ازاں وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے سینیٹ میں بھی ضمنی مالیاتی بل 2023 پیش کیا، اس موقع پر اپوزیشن کی جانب سے شدید احتجاج ریکارڈ کراتے ہوئے چیئرمین سینیٹ کی ڈائس کا گھیراو¿ کرلیا ۔ اپویشن اراکین نے مالیاتی بل کی کاپیاں پھاڑ دیں اور حکومت کے خلاف نعرے بازی بھی کی ۔ اپوزیشن شدید شورشرابے کے بعد چیئرمین سینیٹ نے بل قائمہ کمیٹی فنانس کو بھیجتے ہوئے ایوان کی کارروائی 23 فروری تک ملتوی کردی۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز صدر مملکت کی جانب سے آرڈیننس جاری کرنے سے ’انکار‘ کے فوری بعد وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں ٹیکس ترمیمی بل، فنانس بل 2023 کی منظوری دی گئی تھی۔ابتدا میں حکومت نے ایک کھرب 70 ارب روپے کے فنڈز اکٹھے کرنے کیلئے ’ٹیکس اور نان ٹیکس اقدامات‘ متعارف کرانے کا منصوبہ بنایا تھا تاہم آخری لمحات میں اس نے نان ٹیکس اقدامات بالخصوص ایک کھرب روپے اکٹھے کرنے کیلئے فلڈ لیوی کی تجویز چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔رات گئے ہونے والی پیش رفت میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے مقامی سطح پر تیار ہونے والی سگریٹس پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی بڑھانے کیلئے ایس آر او 178 جاری کیا جس سے تمباکو کی مصنوعات پر عائد ٹیکس سے 60 ارب روپے اکٹھے ہوں گے،اس کے علاوہ حکومت جنرل سیلز ٹیکس کو 17 فیصد سے بڑھا کر 18 فیصد کرنے سے مزید 55 ارب روپے حاصل کرےگی۔اس کے علاوہ بقیہ 55 ارب روپے ہوائی جہاز کے ٹکٹس، چینی کے مشروبات پر ایکسائز ڈیوٹی بڑھا کر اور ودہولڈنگ ٹیکس کی شرح میں اضافہ کر کے اکٹھے کئے جائیں گے۔
پنجاب میں میرٹ ،عوام کی حکمرانی ،اقتدار سے زیادہ عارضی کچھ بھی نہیں ،مریم نو از
مکہ دفاعی اتحاد کی اسلام آباد میں بڑی بیٹھک،یمن، سعودیہ کشیدگی سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال
محبت کی اصل کہانی کا آغاز 30 سال کے بعد ہوتا ہے، پنکج ترپاٹھی
حماس سربراہ خلیل الحیہ کے بیٹے اسرائیلی حملے میں بال بال بچ گئے
مکہ معاہدہ امن و استحکام کی ضمانت ہے، پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد
امریکی فضائیہ کے کلاوڈ سسٹم پر سائبر حملہ، حساس ڈیٹا خطرے میں پڑ گیا
ایس ایم ایز کوقرض فراہمی کاطریقہ کار مزید آسان بنایا جائے،وزیراعظم
فضل الرحمن کے بعد ن لیگ ،پی پی سمیت سب کی باری آئےگی،علی امین گنڈا پور
چین پاکستانی مصنوعات کو ڈیوٹی فر ی رسائی دے،احسن اقبال
فضل الرحمن کو پاکستان ،طالبان میں سے ایک کا انتخاب کرنا ہوگا، عطا تارڑ



















