اسلام آباد:(لیڈرنیوز)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان سٹریٹجک تعاون اور شراکت داری لازوال ہے، ایم ایل ون اور توانائی کے دیگر اہم منصوبوں کو بھی ترجیح دی جائے گی۔چین کے قومی ترقی اور اصلاحاتی کمیشن کے چیئرمین نے وزیراعظم کا استقبال کیا جس میں چینی سیاسی اور مشاورتی کونسل کے وائس چیئرمین بھی موجود تھے۔ اجلاس میں سی پیک کے جاری منصوبوں اور مستقبل کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ چیئرمین این ڈی آر سی نے کہا کہ چین سی پیک منصوبوں کو بہت اہمیت دیتا ہے اور چین سی پیک منصوبوں پر تیزی سے پیش رفت کے لیے پرعزم ہے۔اس موقع پر عمران خان نے کہا کہ چین اور پاکستان آزمائے ہوئے دوست ہیں، پاک چین سٹریٹجک پارٹنرشپ وقت کی کسوٹی پر کھڑی ہے۔ سی پیک بی آر آئی منصوبے کا اہم جزو ہے، سی پیک سے دونوں ممالک کے عوام مستفید ہو رہے ہیں، سی پیک منصوبوں کے پاکستانی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہو رہے ہیں، پاکستان اور چین گوادر کو خطے کا معاشی حب بنانے کے لیے کوششیں جاری رکھیں گے۔
پاک چین سٹریٹجک تعاون‘شراکت داری لازوال ہے‘ وزیراعظم



















