آرمی چیف کی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات

ریاض:آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی ، علاقائی سلامتی ، افغان امن عمل اور حالیہ پیشرفت کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سعودی ولی عہد شہزادہ ، پہلے نائب وزیر اعظم اور وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان اور نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان سعودی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کے دفاع کے لئے پرعزم ہے ، پاکستان مقدس مقامات کے دفاع کو یقینی بنائے گا۔سعودی ولی عہد شہزادہ نے کہا کہ خطے میں امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کا کردار قابل تحسین ہے اور دونوں ممالک برادرانہ باہمی اعتماد پر مبنی ہیں۔ دونوں ممالک امن و استحکام اور امت مسلمہ کی بہتری کے لئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے چیف آف آرمی اسٹاف سے ملاقات کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاک فوج کے چیف آف آرمی اسٹاف سے ملاقات بہت ہی حیرت انگیز تھی ، جنرل قمر جاوید باجوہ میرے بھائی ہیں۔ اس ملاقات میں دفاعی تعلقات کے علاوہ خطے میں امن و استحکام کے لئے دونوں ممالک کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔