ملک کیخلاف بات کرنیوالے کو ریلیف نہیں دینگے‘ہائی کورٹ

لاہور:چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے ریمارکس دیئے کہ ہمیں حب الوطنی ہے یا ذاتی محبت؟ جو بھی ملک کے خلاف بات کرے گا ہم اسے ریلیف نہیں دیں گے۔لاہور ہائیکورٹ نے اخراج مقدمہ کے لئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما جاوید لطیف کی درخواست کی سماعت کی۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما جاوید لطیف سے ناراض ہوکر ریمارکس دیئے کہ اسمبلیوں میں حلف اٹھانے والے اپنے گریبانوں کو دیکھیں ، جاوید لطیف پاکستان چھوڑ دیں ، کسی اور ملک کی شہریت لیں۔ پاکستان کھپے کا نعرہ نہ بلند کرنے والوں کے خلاف لوگ چیونٹیوں کی طرح مسل دیں گے۔چیف جسٹس قاسم خان نے کہا کہ کسی میں ہمت ہے کہ وہ پاکستان کے خلاف بات کرے ، یہاں کی شخصیات نہیں ، ملک کا آئین اہم ہے ، شخصیات آتی جاتی رہتی ہیں ، ادارے باقی رہتے ہیں۔ عدالت نے درخواست واپس لینے کی بنیاد پر نمٹا دی۔