سوشل میڈیا پر سیاسی و مذہبی انتہا پسندی کی کسی صورت اجازت نہیں : سلمان رفیق

لاہور (اپنے رپورٹر سے) محکمہ داخلہ پنجاب میں کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا 58 واں اجلاس منعقدہوا۔صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی خواجہ سلمان رفیق اورصوبائی وزیر و کو چیئرمین کابینہ کمیٹی بلال یاسین نے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس میں صوبائی وزیر صہیب احمد بھرتھ اور معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب رانا بلال احمد نے خصوصی شرکت کی۔کابینہ کمیٹی نے صوبہ بھر کے امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے اجلاس کو امن و امان کی صورتحال بارے بریفنگ دی۔کابینہ کمیٹی نے 5 قیدیوں کی پیرول پر رہائی کی منظوری دی۔صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبہ بھر میں امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔حکومت پنجاب تمام تر سیاسی و مذہبی اجتماعات کو مکمل سکیورٹی فراہم کر رہی ہے۔عوام کے جان و مال کو نقصان پہنچانے والے، قانون شکنی، قومی اداروں پر حملے کرنے والے اور معاشرے میں انتشار پیدا کرنے والے عناصر کو قانون کا سامنا کرنا ہو گا۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ سوشل میڈیا پر سیاسی و مذہبی انتہا پسندی کی کسی صورت اجازت نہیں ہے اور ایسے عناصر کے گرد سخت گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے۔صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کاوشوں کو سراہا۔صوبائی وزیر و چیئرمین بلال یاسین نے کہاکہ امن و امان میں رخنہ ڈالنے والوں سے کسی صورت رعایت نہیں برتی جائے گی۔ عوام کے جان و مال و املاک کی حفاظت حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔معاون خصوصی برائے وزیراعلیٰ پنجاب رانا بلال احمد نے کہاکہ تمام ادارے تسلسل کے ساتھ سکیورٹی انتظامات یقینی بنا رہے ہیں۔صوبہ بھر میں قیام امن کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہاکہ پنجاب بھر میں 13 سے 17 ستمبر تک دفعہ 144 نافذ ہے۔عوامی مقامات پر 5 یا زائد افراد کے اجتماع، جلوس اور لوگوں کو شرکت کیلئے اکسانے پر بھی مکمل پابندی ہے۔عوامی مقامات پر ہر قسم کے ہتھیار لے جانے اور ان کی نمائش پر بھی مکمل پابندی ہے۔سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی، ایڈیشنل آئی جی محمد علی نیکوکارہ، سپیشل سیکرٹری داخلہ فیصل فرید، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی، ایڈیشنل سیکرٹری انٹرنل سکیورٹی، ایڈیشنل سیکرٹری پریزن اور متعلقہ اداروں سے حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔پنجاب بھر سے کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، آر پی اوز اور ڈی پی اوز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی اور بریفنگ دی۔