درسگاہوں میں تعلیم کیساتھ تربیت کا عمل بھی چلنا چاہئے : سیکرٹری اوقاف

لاہور (قاضی ندیم اقبال) حکومت پنجاب کے واحد ماڈل مدرسہ جامعہ ہجویریہ میں زیر تعلیم مستقبل کے معماروں کیلئے نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ غیر نصابی اور ہم نصابی سرگرمیوںمیں شرکت بھی ضروری قرار۔ملکی تاریخ میں پہلی بارمحکمہ اوقاف و مذہبی امور پنجاب کے زیر انتظام چلنے والے جامعہ ہجویریہ کے طلباءکو ٹیبل ٹینس، بیڈ منٹن، کیرم بورڈ سمیت دیگر کھیلوں کی سہولیات فراہم کر دی گئیں۔ جسے ماڈل مدرسہ کے اساتذہ اور طلباءکے والدین نے مذکورہ اقدامات کو لائق تحسین قرار دیدیا۔اس ضمن میں ”مشرق “ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ نے قرار دیا کہ کسی بھی معاشرے کیلئے تعلیم کی اہمیت ناگزیر تسلیم کی جاتی ہے اور ماہرین کا قول ہے کہ درسگاہوں میں تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت کا عمل بھی بخوبی چلنا چاہئے کیونکہ نصاب کی تکمیل جہاں تعلیم کا پہلو ممکن بناتی ہے وہیں غیر نصابی سرگرمیاںطلبہ کو تربیت اور سیکھنے کے مواقع فراہم کرتی ہیں اسلئے ضروری ہے کہ نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ غیر نصابی اور ہم نصابی سرگرمیوں کو بھی اہمیت دی جائے۔یہ سرگرمیاں طلبہ میں خود اعتمادی کے ساتھ ساتھ محنت کرنے اور آگے بڑھنے کا جذبہ پیدا کرتی ہیں جوان کی شخصیت پر مفید اثرات مرتب کرتاہے۔ یہ نہ صرف دماغ کی بہترین نشو و نماکرتی ہیں بلکہ ایک صحتمند مقابلے کی فضا بھی پیدا کرتی ہیں جس سے نہ صرف طلبہ کواپنی فطری صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملتا ہے بلکہ ان میں لیڈر شپ کا جذبہ بھی پیدا ہوتا ہے۔یہی وجہ ہے کہ طلبہ کیلئے نصاب کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں کی اہمیت سے بھی انکار ممکن نہیں۔ سیکرٹری اوقاف پنجاب نے کہا کہ جو طلبہ نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں میں بھی حصہ لیتے ہیں وہ دیگر طلبہ کی نسبت زیادہ اسکور کرتے ہیں۔ ماہرین کے نزدیک جو بچے اپنے وقت کا بہتر انصرام کرنا یا اپنے دباﺅ کو کم کرنا سیکھ جاتے ہیں ایسے طلبہ ایک سے زیادہ چیزوں میں انتہائی مہارت حاصل کرنے کی کوشش میں جتے رہتے ہیں۔تاہم سب سے اہم سوال یہ پیش آتا ہے کہ دوران تعلیم وہ نصابی سرگرمیاں کون سی ہیں جو طلبہ کی سیکھنے کی صلاحیتوں میں اضافہ کرسکیں جو ان میں نظم و ضبط کا قیام ، ہدف کا تعین ، ٹیم ورک، احتساب اور ذمہ داری کا احساس جگا سکیں۔سیکرٹری اوقاف پنجاب نے کہا کہ غیر نصابی سرگرمیوں سے قبل ضروری ہے کہ ان سرگرمیوں پر بات کی جائے جن کا شمار ہم نصابی سرگرمیوں میں کیا جاتا ہے۔ان سے حاصل ہونے والے فوائد میںاجتماعی مفادات ،بلند کرداری اور مضبوط اخلاق جیسی صفات شامل ہیں اور ان سرگرمیوں کا سب سے اہم فائدہ طالبات کا روز مرہ کے تدریسی کاموں میں دلچسپی کے عنصر کا اضافہ کرنا، سیکھنے کا جذبہ اور رفتار کی صلاحیت بڑھانا ہے۔یہی وجہ ہے کہ جامعہ ہجویریہ کے طلباءکو غیر نصابی سرگرمیوں کی طرف بھی راغب کیا جا رہا ہے۔تاکہ وہ معاشرے کا مفید شہری بن سکیں اور ملک و ملت کی تعمیر میں اپنا حصہ ڈال سکیں۔