وزیراعظم کا ریلیف، ٹول ٹیکس میں اضافہ معطل،ریل کرائے بڑھانے سے روکدیا

اسلام آباد،لاہور: (بیورورپورٹ،اپنے نمائندے سے)وزیراعظم کا عوام کو ریلیف، ٹول ٹیکس میں سہ ماہی اضافہ معطل،ریل کرائے بڑھانے سے روکدیا۔

وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا وزیراعظم کی ہدایات پر ٹول فیس میں ہونےوالا سہ ماہی اضافہ معطل کردیا ،موجودہ صورتحال میں شہریوں پر مزید بوجھ نہیں ڈال سکتے ،عوام کو پٹرول ، ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث پہلے ہی مشکلات کا سامنا ہے، وزیراعظم کی ہدایت پر عوام کی مشکلات کم کرنے کیلئے ہرممکن اقدام کریں گے،حالات مشکل ہیں، قوم ملکر صورتحال کا مقابلہ کر سکتی ہے۔

دوسری جانب ریلوے حکام کے مطابق وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق تمام مسافر ،مال بردار ٹرینوں کے کرایوں میں اضافہ نہیں کیا جائےگا، 30جون تک 6ارب کا اضافی بوجھ حکومت خود برداشت کرے گی،وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا وزیراعظم نے مشکل وقت میں مسافروں کے دل جیت لیے ،فیصلہ عوام کیلئے تحفہ ہے ، ریلوے کا سفر ہر شخص کی پہنچ میں رہے گا ۔