لاہور (مرزا ندیم بیگ/تصاویر:میاں شاہنواز) صوبائی دارالحکومت میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف کریک ڈاون کے نتیجے میں ٹریفک پولیس نے گزشتہ دو ماہ کے دوران پہلی بار ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے بڑی تعداد میں چالان کئے گئے۔ ذرائع کے مطابق اس کارروائی کے باعث ٹریفک نظم و ضبط میں خاصی بہتری آئی ہے ،ٹریفک پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہر بھر میں خصوصی مہم کے تحت ہیلمٹ نہ پہننے، سگنل کی خلاف ورزی، ون وے کی خلاف ورزی اور بغیر نمبر پلیٹ گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی گئی۔ اس دوران جدید ای چالان سسٹم اور سیف سٹی کیمروں کی مدد سے بھی ہزاروں گاڑیوں کے چالان کئے گئے،چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او)لاہور ڈاکٹر اطہر وحید کا کہنا ہے کہ ہمارا مقصد صرف چالان کرنا نہیں بلکہ شہریوں میں ٹریفک قوانین کی پاسداری کا شعور اجاگر کرنا ہے۔ قانون کی عملداری سے ہی حادثات میں کمی ممکن ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی اور کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی،دوسری جانب شہریوں کی رائے اس حوالے سے منقسم نظر آتی ہے۔ کچھ شہریوں نے ٹریفک پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ سختی سے ہی نظم و ضبط قائم ہو سکتا ہے۔ شہری اشفاق کا کہنا تھا کہ اگر چالان نہ ہوں تو لوگ قوانین کو سنجیدہ نہیں لیتے، اس لئے یہ اقدام درست ہے تاہم کئی شہریوں نے شکایات بھی سامنے رکھیں۔ شہری علی رضا کے مطابق ٹریفک وارڈنز بعض اوقات معمولی غلطیوں پر بھی بھاری جرمانے کر دیتے ہیں جس سے عام آدمی پر بوجھ بڑھتا ہے۔ ایک اور شہری کا کہنا تھا کہ ٹارگٹ پورا کرنے کیلئے بلاوجہ چالان کئے جا رہے ہیں جس کی شفاف تحقیقات ہونی چاہئیں،ماہرین کے مطابق اگرچہ چالان کی شرح میں اضافہ نظم و ضبط کیلئے مثبت قدم ہے تاہم اسکے ساتھ شفافیت اور عوامی آگاہی کو یقینی بنانا بھی ضروری ہے تاکہ شہریوں کا اعتماد بحال رکھا جا سکے،ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ ٹریفک پولیس آئندہ مہینوں میں بھی اس مہم کو مزید موثر بنانے کیلئے نئی حکمت عملی ترتیب دے رہا ہے جس میں ڈیجیٹل مانیٹرنگ اور وارڈنز کی کارکردگی کا باقاعدہ جائزہ شامل ہوگا۔
ٹریفک چالان کا مقصد قوانین کی پاسداری کا شعور اجاگر کرنا ہے :سی ٹی او لاہور



















