تہران،تل ابیب،واشنگٹن،ریاض،دوحہ:(مشرق نیوز،بیورورپورٹ)جنگ بے قابو،خلیجی ریاستوں میں تیل و گیس تنصیبات پر حملے،عرب ممالک کاایران کو انتباہ ،امریکی صدر ٹرمپ نے قطر پر دوبارہ جارحیت کی صورت میں خطرناک حد تک جانے کی دھمکی دےدی۔
عرب میڈیا کے مطابق پارس گیس فیلڈ پر حملے کے بعد ایران نے آپریشن وعدہ صادق 4 کے تحت حملوں کی 63 ویں لہر کے دوران خطے میں امریکہ سے منسلک تیل تنصیبات کو نشانہ بنایا، قطر کے راس لفاس انڈسٹریل سٹی میں آگ بھڑک اٹھی،سعودی دارالحکومت ریاض میں آرامکو تنصیبات پرحملے سے دھماکوں کے بعد آگ کے شعلے آسمان تک بلند ہوتے دیکھے گئے،ایران نے درجنوں ڈرونز کے ذریعے ریاض کو نشانہ بنایا۔
سعودی وزارت دفاع نے کہاملک کے مشرقی علاقے کی جانب داغے گئے بیلسٹک میزائل کوفضا میں ہی تباہ کرکے ممکنہ بڑے نقصان کو ٹال دیا۔
قطر انرجی کے سربراہ سعد الکعبی نے کہاایران کے حالیہ حملوں نے مائع قدرتی گیس یعنی ایل این جی کی پیداواری صلاحیت کو شدید نقصان پہنچایا ،ملک کی مجموعی برآمدی صلاحیت کا 17فیصد حصہ مکمل طور پر ختم ہو گیا ،تباہ شدہ انفرسٹرکچر کی دوبارہ مرمت اور بحالی میں 3 سے 5سال کا طویل عرصہ لگ سکتا ہے،تباہی کے معاشی اثرات صرف قطر تک محدود نہیں رہیں گے ،پوری دنیا لپیٹ میں آئے گی۔
پاسداران انقلاب نے کہا جنگ کو تیل تنصیبات تک پھیلانا نہیں چاہتے تھے نہ ہی دوست و ہمسایہ ممالک کی معیشت کو نقصان پہنچانے کا ارادہ رہا،ملکی تنصیبات کے دفاع کےلئے امریکہ سے منسلک توانائی تنصیبات کو نشانہ بنانا ناگزیر ہو گیا ،سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور قطر میں موجود متعدد توانائی مراکز کو آئندہ چند گھنٹوں میں مزید نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔
ایرانی فوج کے ترجمان نے کہا مسلح افواج کی جارحانہ اور دفاعی کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری ہیں،توانائی کے بنیادی ڈھانچے پر حملہ کرکے دشمن نے سنگین غلطی کردی ،جواب ابھی ختم نہیں ہوا،حملے دوبارہ کیے گئے تو دشمن ،اتحادیوں کے توانائی ڈھانچے کو نشانہ بنانے کا سلسلہ مکمل تباہی تک جاری رہے گا۔
ادھر مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال پر عرب و اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ اجلاس میںسعودی وزیرخارجہ فیصل بن فرحان نے خلیجی ممالک پر ایرانی حملوں کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کہاتہران پر اعتماد ختم،حملوں کے بعد فوجی کارروائی کا حق محفوظ رکھتے ہےں،ایران خطے میں کشیدگی بڑھانے کےساتھ ہمسایہ ممالک کےخلاف جارحانہ رویہ اپنا رہا ہے، مسئلے کے حل کےلئے مذاکرات کی حمایت جاری رکھیں گے۔
اجلاس کے مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ایران خلیجی ممالک کے سول انفراسٹرکچر ،ہوائی اڈوں، تیل تنصیبات،سفارتخانوں وعوامی مقامات کو نشانہ بنا رہا ہے، حملے کسی صورت جائز نہیں، اقوام متحدہ آرٹیکل 51 کے مطابق خلیجی ریاستوں کو دفاع کا حق حاصل ہے،ایران بین الاقوامی قوانین ،ہمسایہ ممالک کا احترام کرتے ہوئے حملے فوری روکے،خطے کا امن و استحکام یقینی ،آبنائے ہرمز کو محفوظ بنائے ،عالمی تجارت میں خلل پیدا نہ کرے۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا ایران مسلسل شہری مقامات کو نشانہ بنا رہا ہے، دعویٰ حملے امریکی فوجی اڈوں کی وجہ سے ہیں ناقابل یقین ہے، ہمسایہ ممالک پر حملوں کے نتائج ہوں گے اوراقدامات تہران کو مزید تنہائی کی طرف دھکیل رہے ہیں،مملکت دباوکے سامنے نہیں جھکے گی،سمندری راستوں کی آزادی کو درپیش کسی بھی خطرے کیلئے اجتماعی اقدامات ضروری ہیں۔
فیصل بن فرحان نے کہا اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ اجلاس میں اتفاق کیا گیا ایران کو اپنے پراکسی گروپس کی حمایت بند کرنی چاہیے، تنازع میں ترجیح خلیجی ممالک پر حملوں کا خاتمہ ہے،جارحیت فوری بند ہونی چاہیے۔
ادھر امریکی صدر ٹرمپ نے دھمکی دیتے ہوئے کہاایران نے قطر پر پھر حملہ کیا تو خطرناک حد تک جانے سے نہیں ہچکچاوں گا،طاقت کاہونےوالا مظاہرہ تہران نے پہلے کبھی نہیں دیکھا ہوگا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر اپنے بیان میں ٹرمپ نے کہا ساوتھ پارس گیس فیلڈ انتہائی اہم و قیمتی اثاثہ ،امریکہ کو ہونے والے حالیہ اسرائیلی حملے کا پیشگی علم نہیں تھا،اسرائیل مقام پر دوبارہ حملہ نہیں کرےگااگر ایران نے کہاقطر کی توانائی تنصیبات کو نشانہ بنایا تو ردعمل تباہ کن ہوگا،قطر کی ایل این جی تنصیبات پر حملے بلا جواز اور غیر منصفانہ ہیں، حملے دوبارہ ہوئے تو امریکہ کی طرف سے آنے والے جواب کی شدت پہلے کبھی نہیں دیکھی گئی،ایران کی جانب سے قطر پر حملہ خطے میں کشیدگی مزید بڑھائیں گے،امریکہ تباہی سے بچنا چاہتا ہے کیونکہ ایران پر طویل المدتی اثرات مرتب ہوں گے۔
علاوہ ازیں ایران نے آپریشن وعدہ صادق 4 کی 64ویں لہر کے دوران اسرائیل کی وسطی و شمالی حصوں میں متعدد اہم اہداف کو نشانہ بنایا گیا،بن گوریون ائیرپورٹ ،حیفا ریفائنریز سمیت دیگر مقامات پرقدر، عماد، خیبر شکن اور کلسٹر بم وار ہیڈوالے خرمشہر میزائل داغے گئے،موجودہ حالات میں اسرائیلی شہریوں کی بڑی تعداد پناہ گاہوں تک محدود ہو کر رہ گئی۔
دوسری جانب ا مریکی وزیر جنگ پیٹ ہیگسیتھ ،جوائنٹ چیفس آف سٹاف جنرل ڈین کین نے کہاآپریشن کا مقصد فیصلہ کن کارروائی کرنا ہے،مشن مکمل کیے بغیر نہیں رکیں گے، فوجیوں کی قربانیاں عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں،ایران پر تباہی و موت برسائیں گے۔
پیٹ ہیگسیتھ نے کہا ایران کی جنگ ماضی سے مختلف ،اہداف حاصل کیے جارہے ہیں، میڈیا جنگ کو غلط انداز میں پیش کر رہا ہے،ایران کی بیلسٹک میزائل بنانے کی صلاحیت کو ممکنہ طور پر بہت زیادہ نقصان پہنچا ،7 ہزار فوجی اہداف کو نشانہ بنایا گیا ،11 آبدوزوں ،ریڈار ،دفاعی سسٹم ،نیوی کے 120 جہاز تباہ،ایرانی پاسداران انقلاب کے اعلیٰ عہدیداروں کو ختم کر دیا ۔
علاوہ ازیں ترکیہ نے ایران کو دوستانہ مشورہ دیتے ہوئے کہا امریکہ ،اسرائیل کےساتھ جاری جنگ کو مشرق وسطیٰ کے دیگر ممالک تک نہ پھیلائے، خطے کے ممالک پر ایران کے حملے ناقابل قبول ہیں۔
وزیر خارجہ حاقان فیدان نے کہا اگرچہ اسرائیل جنگ کا بنیادی ذمہ دار ہے تاہم ایران پر بھی تاریخی ذمہ داری عائد ہوتی ہے خطے میں کشیدگی کو نہ بڑھائے،ترکیہ امریکہ ،تہران دونوں سے رابطے میں ہے تاکہ صورتحال کو بہتر طور پر سمجھا جا سکے ،تنازع کے خاتمے کےلئے کوششیں جاری رہیں گی۔
خلیج میں توانائی تنصیبات پر حملے،عرب ممالک ،ٹرمپ کاایران کو الٹی میٹم



















