واشنگٹن (مشرق نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ایران نے قطر پر دوبارہ حملہ کیا تو امریکہ ساوتھ پارس گیس فیلڈ کو تباہ کر دیگا۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹرتھ سوشل پر جاری بیان میں ٹرمپ نے کہا کہ ساوتھ پارس گیس فیلڈ ایک انتہائی اہم اور قیمتی اثاثہ ہے اور امریکہ کو اس پر ہونے والے حالیہ اسرائیلی حملے کا پیشگی علم نہیں تھا۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل اس مقام پر دوبارہ حملہ نہیں کریگا تاہم ایران کو خبردار کیا کہ اگر اس نے قطر کی توانائی تنصیبات کو نشانہ بنایا تو امریکہ انتہائی سخت ردعمل دیگا۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ قطر کی ایل این جی تنصیبات پر حملے بلا جواز اور غیر منصفانہ ہیں اور اگر ایسے حملے دوبارہ ہوئے تو امریکہ ایسا جواب دیگا جس کی شدت پہلے کبھی نہیں دیکھی گئی۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ ایران کی جانب سے قطر پر حملہ خطے میں کشیدگی کو مزید بڑھا سکتا ہے جبکہ امریکہ اس سطح کی تباہی سے بچنا چاہتا ہے کیونکہ اسکے ایران پر طویل المدتی اثرات مرتب ہوں گے۔
قطر پر حملہ خطے میں کشیدگی کو مزید بڑھا سکتا ہے ، ٹرمپ کی ایران کو دھمکی



















