داخلی و خارجی راستوں پر سکیورٹی موثر بنانے کیلئے ناکہ بندی کا جدید نظام نافذ

لاہور (مرزا ندیم بیگ) شہر بھر کے داخلی و خارجی راستوں پر سکیورٹی کو مزید موثر بنانے کیلئے پولیس نے جامع حکمت عملی اپناتے ہوئے ناکہ بندی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کر دیا ہے۔ اہم شاہراہوں، داخلی پوائنٹس اور حساس مقامات پر قائم ناکے نہ صرف جرائم پیشہ عناصر کی نقل و حرکت کو محدود کر رہے ہیں بلکہ شہر میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کو بھی بہتر بنانے میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں،پولیس حکام کے مطابق شہر میں داخل ہونے اور باہر جانے والی گاڑیوں کی سخت چیکنگ کی جا رہی ہے جس میں مشکوک افراد کی نگرانی، گاڑیوں کا ڈیٹا چیک اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال شامل ہے۔ سیف سٹی کیمروں، بائیومیٹرک تصدیق اور موبائل ایپلی کیشنز کے ذریعے ناکوں پر تعینات اہلکار فوری معلومات تک رسائی حاصل کر رہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ان ناکوں کی بدولت اسلحہ کی غیر قانونی ترسیل، منشیات کی اسمگلنگ اور مطلوب ملزمان کی گرفتاری میں نمایاں کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔ پولیس کے ریکارڈ کے مطابق گزشتہ چند ماہ کے دوران ناکہ بندی کے ذریعے درجنوں اشتہاری ملزمان کو گرفتار کیا گیا جبکہ بھاری مقدار میں اسلحہ اور منشیات بھی برآمد کی گئی،شہریوں کی بڑی تعداد نے سکیورٹی اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اگرچہ بعض اوقات ناکوں پر چیکنگ کے باعث ٹریفک میں وقتی تاخیر کا سامنا کرنا پڑتا ہے، تاہم مجموعی طور پر یہ اقدامات انکے تحفظ کیلئے ضروری ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ رات کے اوقات میں پولیس کی موجودگی انہیں زیادہ محفوظ محسوس کرواتی ہے،سینئر پولیس افسران کے مطابق ناکہ بندی کا مقصد شہریوں کو بلاوجہ پریشان کرنا نہیں بلکہ جرائم کی روک تھام اور دہشتگردی کے خطرات کو کم کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ناکوں پر تعینات اہلکاروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں اور چیکنگ کے عمل کو تیز اور موثر بنائیں،پولیس کی جانب سے ناکوں کی کارکردگی کو مانیٹر کرنے کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو اچانک دورے کر کے اہلکاروں کی کارکردگی کا جائزہ لیتی ہیں۔ اس کے علاوہ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے بھی ناکوں کی نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ کسی قسم کی غفلت یا بدسلوکی کی شکایات کو فوری طور پر دور کیا جا سکے۔ ماہرین کے مطابق شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر موثر ناکہ بندی اور جدید سکیورٹی اقدامات نہ صرف جرائم کی بیخ کنی میں مددگار ثابت ہو رہے ہیں بلکہ شہریوں کے اعتماد میں بھی اضافہ کر رہے ہیں۔ اگر اس نظام کو مزید بہتر بنایا جائے اور ٹریفک مینجمنٹ کے ساتھ ہم آہنگ کیا جائے تو یہ سکیورٹی ماڈل دیگر شہروں کیلئے بھی مثال بن سکتا ہے۔