او آئی سی اجلاس، غزہ میں نسل کشی، جنگ بندی کی خلاف ورزیاں قبول نہیں: پاکستان


ریاض :(مشرق نیوز) پاکستان نے کہاہے غزہ میں نسل کشی ناقابل برداشت ہے، اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزیاں قبول نہیں۔

او آئی سی اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے عرب اسلامی ممالک نے غزہ جنگ بندی کی خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کیا ، پاکستان غزہ میں جاری جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کی مذمت کرتا ہے،مسلم امہ کے امن ، ترقی اور تعاون کیلئے او آئی سی کا کردار اہم ہے، اسرائیل کی جارحیت کو قبول نہیں کیا جائے گا، اسرائیل کے توسیع پسندانہ اقدامات کسی صورت قابل قبول نہیں، اسرائیلی اقدامات امت مسلمہ کیلئے شدید تشویش کا باعث ہیں۔

اسحاق ڈار نے کہا غزہ کی بحالی کیلئے اقدامات ضروری ہیں، غزہ میں جاری جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کو فوری طور پر بند ہونا چاہیے، غزہ میں ہونےوالی نسل کشی ناقابل برداشت ہے، فلسطینی علاقوں میں اسرائیل کی طرف سے غیر قانونی آبادکاری قابل قبول نہیں، پاکستان غزہ میں پائیدار جنگ بندی کیلئے برادر ملکوں کےساتھ رابطے میں ہے، پاکستان آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت کرتا ہے، وزیراعظم نے غزہ امن بورڈ میں فلسطین کے معاملے پر پاکستان کے اصولی موقف کا اعادہ کیا۔

دریں اثنانائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی مالدیپ ، فلسطین کے وزرا خارجہ اور ترک نائب وزیر خارجہ سے الگ الگ ملاقاتیں ہوئیں،ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں غزہ کی انسانی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، رہنماوں نے بلا رکاوٹ انسانی امداد کی فراہمی اور فوری تعمیر نو کی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔