وزیراعظم سے چینی سفیر کی ملاقات،پاکستان کی بھرپور حمایت کا اعادہ

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وزیراعظم سے چینی سفیر جیانگ زیڈونگ کی ملاقات ،پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سماجی و اقتصادی ترقی کےلئے بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔

اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے پاک چین پائیدار تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری کا اعادہ کرتے ہوئے کہا خصوصیت گہرا باہمی اعتماد، فولاد کی طرح مضبوط دوستی ، مشترکہ مفادات پر باہمی تعاون کا مشترکہ عزم ہے۔

شہبازشریف نے چینی صدر شی جن پنگ، وزیراعظم لی کیانگ، چینی قیادت ،عوام کو نئے سال کے پرمسرت موقع پرمبارکباد اور نیک خواہشات کا پیغام دیا،اقتصادی، سلامتی اور ترقیاتی محاذوں پر پاکستان کےلئے چین کی مسلسل و ثابت قدم حمایت کو سراہا۔

وزیراعظم نے سی پیک کے تحت جاری منصوبوں کی رفتار تیز کرنے کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے زراعت، آئی ٹی، کان کنی ،معدنیات میں تعاون مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیااور کہاپاکستان میں چینی اہلکاروں، سرمایہ کاری ،اداروں کو محفوظ اور سازگار ماحول فراہم کریں گے۔

چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے دونوں ممالک کے تعلقات میں حالیہ پیش رفت سے آگاہ کیا اور چینی قیادت کا نیک خواہشات کا پیغام دیتے ہوئے پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سماجی و اقتصادی ترقی کےلئے بھرپور حمایت کا اعادہ کیا،ملاقات میںدونوں رہنماﺅں کی جانب سے امن، استحکام اور خوش حالی میں کردار ادا کرنے کےلئے قریبی رابطہ کاری اور مشاورت برقرار رکھنے پر اتفاق بھی کیا گیا۔