ایران اور روس کی پاک، افغان کشیدگی میں سہولت کاری کی پیشکش

تہران، ماسکو (مشرق نیوز) ایران اور روس نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان حالیہ کشیدگی کے خاتمے کیلئے مذاکرات میں سہولت کاری کی پیشکش کر دی۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ مناسب ہے افغانستان اور پاکستان اختلافات کو بات چیت سے حل کریں، پاکستان افغانستان بات چیت میں ایران سہولت اور باہمی تعاون کے فروغ کیلئے ہر ممکن مدد کو تیار ہے۔

عباس عراقچی نے مزید کہا کہ ماہ مبارک رمضان ضبط نفس اور عالم اسلام میں یکجہتی کے فروغ کا مہینہ ہے، مناسب ہے کہ افغانستان اور پاکستان اختلافات کو حسن ہمسائیگی اور مکالمے سے حل کریں۔

دوسری جانب روسی وزیرخارجہ سرگئی لاوروف نے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان اور افغانستان فوری طورپر ایک دوسرے کے خلاف حملے روکیں اور دونوں ممالک اختلافات کو بات چیت سے حل کریں۔ روسی وزیر خارجہ کا کہنا تھا درخواست کی گئی تو پاکستان اور افغانستان کیلئے ثالثی پرغور کیا جاسکتا ہے۔