اسلام آباد،پشاور: (بیورورپورٹ) اپوزیشن اتحاد کاعمران خان کی ہسپتال منتقلی کے معاملے پر تیسرے روز بھی احتجاج،پارلیمنٹ اور کے پی ہاوس میں بدستور دھرنے ،اسلام آبادکی مصروف ترین شاہراہ دستور مکمل بند ،سکیورٹی اہلکاروں کی بھاری نفری تعینات ہے،ادھر کے پی میں راستوں کی بندش سے عوام کو شدید مشکلات کاسامنا کرناپڑ رہاہے۔
تحریک تحفظ آئین پاکستان نے کہا بانی پی ٹی آئی کی الشفا آئی ہسپتال منتقلی تک دھرنا جاری رہے گا، ذاتی ڈاکٹروں کی عدم موجودگی میں کوئی علاج شروع نہ کیا جائے،دھرنا مظاہرین تک کھانے، پانی اور ادویات کی رسائی روکناغیر انسانی ہے،قیادت مطالبات پر پوری ثابت قدمی کےساتھ قائم ،تاریخ گواہ ہے ظلم، محاصروں و جبر کے ہتھکنڈے کبھی تحریکیں دبانے میں کامیاب نہیں رہے،منفی اقدامات صرف ظلم کے ریکارڈ میں اضافہ کرتے ہیں اور حق کی آواز کو خاموش نہیں کر سکتے۔
ترجمان اپوزیشن اتحاد نے کہا تحریک تحفظ آئین پاکستان ظلم، جبر و محاصرے کے ہتھکنڈوں سے مرعوب نہیں ہوگی ،جدوجہد آئین، قانون اور عوامی حق نمائندگی کے تحفظ کیلئے جاری رہے گی، کسی صورت دبایا نہیں جا سکتا۔
سینٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا ادویات تک رسائی روکنا سنگین و قابل مذمت عمل ،کسی بھی سیاسی اختلاف کو انسانی ہمدردی و طبی ضرورتوں پر فوقیت دینا ظلم کی بدترین شکل ہے۔
اپوزیشن اتحاد کا تیسرے روز بھی احتجاج،پارلیمنٹ ،کے پی ہاوس میں دھرنے



















