پنجاب سے بلوچستان جانے والے تمام زمینی راستے بند
کوئٹہ،لاہور،ڈی جی خان:(بیورورپورٹ،کرائم رپورٹر)دہشتگردی واقعات کے بعد بلوچستان میں سکیورٹی ہائی الرٹ،ٹرین ،مسافر کوچز ،موبائل فون، انٹرنیٹ سروس معطل کردی گئی۔
شہر کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران درجنوں مشکوک افرادکو گرفتار کرلیا گیا، امن و امان بحال کرنے کےلئے شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر سخت ناکہ بندی کرکے پٹرولنگ بھی بڑھادی گئی،ادھرڈی جی خان میں پنجاب سے بلوچستان جانے والے تمام زمینی راستے بند کردئیے گئے۔
ڈپٹی کمشنر عثمان خالد کے مطابق مسافر ڈی جی خان کے راستے بلوچستان نہیں جاسکتے،سرحدی علاقے بواٹہ اور سخی سرور کے مقام پر ٹریفک کو روک دیا ،فیصلہ سکیورٹی خدشات اور موجودہ حالات کے باعث کیا گیا ، حالات معمول پر آنے تک پابندیاں برقرار رہیں گی،ادھر راستوں کی بندش سے مسافر شدید مشکلات کا شکار ہو گئے ،تجارتی سرگرمیاں بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔



















