کراچی (بیورو رپورٹ) سندھ حکومت نے سانحہ گل پلازہ کی تحقیقات جوڈیشل کمیشن کے ذریعے کرانے کااعلان کردیا، پریس کانفرنس کرتے ہوئے سینئر صوبائی وزیر شرجیل میمن نے کہا کسی سیاسی جماعت کے دباو میں نہیں آئیں گے،گل پلازہ کے شہدا ءکو امدادی چیکس کی ادائیگیاں شروع کر دی گئی ہیں، عدالتی کمیشن کا فیصلہ کسی سیاسی جماعت کے دباو¿ میں نہیں کیا گیا، کسی سیاسی جماعت کو نہیں عوام کو جوابدہ ہیں، چند سیاسی جماعتیں سانحہ پر سیاست کر رہی ہیں، ہم ایسے واقعات پر سیاست نہیں کر رہے،سندھ حکومت کسی پریشر میں نہیں جو کام ہمیں کرنا ہے وہ کر رہے ہیں،مزید بر آں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سانحہ گل پلازا کی جوڈیشل انکوائری کےلئے چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کو خط لکھ دیا،دریں اثناملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ سانحہ گل پلازہ میں جھلس کر جاں بحق ہونے والے 12 افراد کی باقیات کو اینٹی موٹم ڈیٹا اور پروف آف پریزنس کی مدد سے شناخت کرنے کے بعد جاں بحق افراد کی باقیات لواحقین کے حوالے کر دی گئیں،شناخت پراجیکٹ کے سربراہ عامر حسن نے کہا ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ سانحہ گل پلازہ میں جاں بحق افراد کی باقیات کی شناخت اینٹی موٹم ڈیٹا، جاں بحق افراد کی گل پلازہ میں موجودگی (پروف آف پریزنس) اور موبائل فون لوکیشن کو پوسٹ مارٹم سے حاصل شدہ معلومات کے ساتھ ازسرنو ترتیب دیکر شناخت کیا گیا ہے،شناخت کیے جانے والوں میں نارتھ ناظم آباد سے تعلق رکھنے شاپنگ کےلئے گل پلازہ آئی فیملی کے 3 افراد عمر نبیل، اہلیہ ڈاکٹر عائشہ اور بیٹا علی شامل ہیں جبکہ سائٹ میٹروول کے رہائشی دبئی کراکری شاپ کے 2 حقیقی بھائیوں نعمت اللہ اور عبداللہ، ان کے 2 کزن یوسف خان اور گارڈن کے رہائشی صداقت اللہ، قصبہ کالونی کے رہائشی کراکری شاپ کے مالک یاسین کے علاوہ 3 سگے بھائیوں خضر علی، حیدر علی، عامر علی اور رنچور لائن کے رہائشی ابو بکر شامل ہیں،انہوں نے بتایا کہ اینٹی موٹم ڈیٹا اور پروف آف پریزنس سے شناخت کے بعد جاں بحق 12 افراد کی باقیات لواحقین کے سپرد کر دی گئیں ہیں۔ سانحے میں جاں بحق افراد میں سے اب تک شناخت کی جانے والوں کی تعداد 39 ہوگئی ہے جن میں سے 20 افراد کی شناخت ڈی این اے، 12 افراد کی باقیات کی شناخت اینٹی موٹم ڈیٹا اور پروف آف پریزنس کی مدد سے 6 افراد کی چہرہ شناسی اور ایک کی شناختی کارڈ کی مدد سے کی گئی ہے۔
سانحہ گل پلازہ،سندھ حکومت نے جوڈیشل تحقیقات کرانے کا اعلان کر دیا



















