اوورسیز کی جائیداد پر قبضہ نہیں کرنے دیں گے،محسن نقوی
اسلام آباد: (بیورورپورٹ) وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے اوورسیز کسی بھی قسم کے قبضے کی شکایت درج کرائیں گے تو ڈپٹی کمشنر اسلام آباد 7 دن کے اندر فیصلہ کرنے کا پابند ہوگا۔
وزیر داخلہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں کہا اوورسیز پاکستانیوں کے ملکیتی حقوق کا مکمل تحفظ کیا جائے گا اور کسی کو بھی جائیداد پر قبضہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائےگی، اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری میں اوورسیز پاکستانیوں کی سرمایہ کاری خوش آئند اور قابل قدر ہے، حکومت سرمایہ کاروں کو محفوظ اور سرمایہ کار دوست ماحول فراہم کرے گی۔
محسن نقوی نے کہا اوورسیز پاکستانیوں کے اثاثوں کے تحفظ کےلئے تیز، شفاف اور موثر کارروائی کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ اعتماد مزید مضبوط ہو۔



















