ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن میں جدید ترین مانیٹرنگ نظام ” شکرا“ کا افتتاح

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کا دورہ کیا جہاں انہوں نے پاسپورٹس کی درخواستوں، پرنٹنگ اور مجموعی کارکردگی کے جدید ترین مانیٹرنگ نظام سیکوئر ہائبریڈ انٹیلی جنس فار نالج بینڈ ریسپانس انالیٹکس (شکرا) کا باقاعدہ افتتاح کیا،وزیر داخلہ کو شکرا سسٹم کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی، بریفنگ میں بتایا گیا ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹس میں 24/7 مانیٹرنگ روم اور کال سنٹر بھی فعال کر دیے گئے ہیں ، وزیر داخلہ کی ہدایت پر ایمرجنسی ٹریول ڈاکومنٹ کے نظام کو بھی مکمل طور پر ڈیجیٹل کر دیا گیا ہے،محسن نقوی نے جدید ٹیکنالوجی پر مبنی مانیٹرنگ سسٹم متعارف کرانے پر ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹس،ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا پاکستانی پاسپورٹ سسٹم کو اب دنیا کے بہترین ممالک کے نظام کے مطابق ڈھال دیا گیا ہے، نئے نظام کے تحت پاکستان اور دنیا بھر میں پاسپورٹ درخواستوں اور ڈیلیوری کی ریئل ٹائم مانیٹرنگ ممکن ہو گی،پاسپورٹ اپلائی ہونے سے لے کر ڈیلیوری تک ہر مرحلے کی نگرانی کی جا سکے گی، حکومت کا مقصد شہریوں کو عالمی معیار کی تیز رفتار اور محفوظ خدمات فراہم کرنا ہے، مانیٹرنگ کے جدید نظام سے محکمہ پاسپورٹس کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئے گی جبکہ پاکستانی پاسپورٹ کے سکیورٹی فیچرز کو آئی سی اے او سٹینڈرڈز کے مطابق بنایا گیا ہے، جدید آٹومیٹک جرمن مشینوں کے استعمال سے محکمے کی استعداد کار میں اضافہ ہوا ،پاسپورٹ پرنٹنگ کے عمل میں انسانی مداخلت کو مکمل طور پر ختم کر دیا گیا ہے،وزیر داخلہ نے ای مانیٹرنگ روم، کال سنٹر، فرانزک لیب اور جدید پروڈکشن یونٹ کا بھی دورہ کیا،بریفنگ میں بتایا گیا ڈیجیٹل انٹیگریٹڈ ڈیش بورڈ کے ذریعے روزمرہ آپریشنز اور تمام عملے کی کارکردگی کی مانیٹرنگ اور ایویلیوایشن کی جائے گی جبکہ نئے نظام کے تحت پاسپورٹ دفاتر میں رش کی خودکار نشاندہی، بیک لاگ اور مشینری سٹیٹس کی نگرانی بھی ممکن ہو گی۔