کراچی (بیورو رپورٹ) گل پلازہ میں لگی آگ کے بعد کلیئرنس آپریشن کے دوران اہم انکشاف سامنے آ گیا، بیسمنٹ میں آنے اور جانے والے راستے بند ،تالے لگے ہوئے تھے،سرچ اور ریسکیو ٹیموں کی جانب سے کلیئرنس کے دوران بنائی گئی ویڈیوزمیں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے بیسمنٹ میں موجود دروازے بند ،تالے لگے ہوئے تھے،ذرائع کے مطابق ابتدائی تحقیقات کے مطابق آگ گل پلازہ کی بیسمنٹ میں لگی جہاں رسائی محدود ہونے کے باعث صورتحال مزید سنگین ہو گئی،سرچ اور ریسکیو ٹیموں نے گل پلازہ میں معائنہ مکمل کر لیا، حاصل ہونے والی ویڈیوز اور دیگر شواہد سے اعلیٰ حکام کو آگاہ دیا گیا ہے،سانحہ گل پلازہ کی مکمل اور شفاف تحقیقات کےلئے خصوصی تحقیقاتی ٹیم ڈی آئی جی ساوتھ کے احکامات قائم کی گئی ہے،ذرائع کے مطابق5 رکنی تحقیقاتی کمیٹی ایس پی انویسٹی گیشن سٹی کی سربراہی میں کام کرے گی، ٹیم کو سانحہ گل پلازہ کے تمام پہلووں کی تفتیش اور واقعے میں ملوث افراد کی نشاندہی کر کے گرفتار کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے،ڈی آئی جی ساوتھ نے کہا تحقیقات کے دوران شواہد کی بنیاد پر ذمہ داروں کا تعین کیا جائےگا ، ملوث ملزمان کی شناخت کے بعد قانون کے مطابق کارروائی ہوگی،دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد شاہ نے سانحہ گل پلازہ کے متاثرین کو 2 ماہ میں دکانیں تیار کرکے دینے کا اعلان کردیا،صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کراچی کا انفرا اسٹرکچر بہتر کرنے کےلئے کام کر رہے ہیں، جان کا ازالہ کوئی نہیں ،متاثرین کےساتھ کھڑے ہیں،الزام تراشی کا جواب دیں گے، ہر چیز کو 18ویں ترمیم سے جوڑنا درست نہیں، جس کی جان گئی حکومت ایک کروڑ روپے دے گی اور گل پلازہ کی جگہ پر حکومت عمارت بنائے گی، 5 لاکھ روپے گل پلازہ کے ہردکاندار کو دیں گے تاکہ 2 ماہ تک گھر کا کچن چلا سکے، نقصانات کو حکومت سندھ پورا کرے گی، دکانوں میں جو سامان پڑا تھاکراچی چیمبر کی مدد سے پورا کریں گے،محکمہ سندھ انویسٹمنٹ کے ذریعے دکانوں کو ایک کروڑ روپے دیں گے، قرض پر سود حکومت سندھ ادا کرے گی، جتنی دکانیں تھیں اس سے ایک انچ بھی زیادہ نہیں بنائیں گے، دکانداروں کے ساتھ مل کر گل پلازہ کو دوبارہ کھڑا کریں گے۔
سانحہ گل پلازہ: بیسمنٹ کے راستوں پر تالوں کا انکشاف، خصوصی ٹیم قائم



















