مذاکرات کا اختیار اچکزئی کے پاس ہے،شاہ محمود قریشی


لاہور: (وقائع نگار) سابق وزیر خارجہ ووائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی نے کہا ہے پارٹی پالیسی کا پابند ہوں مذاکرات کا اختیار اچکزئی کو دیا گیا وہی بہتر فیصلہ کرسکتے ہیں۔

انسداد دہشتگری کی خصوصی عدالت میں پیشی کے بعد کمرہ عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں شاہ محمود قریشی نے کہا پاکستان نے افغانستان کی بہت مدد کی ،افغانستان سے جائز مطالبہ ہے کابل کی سرزمین پاکستان کیخلاف استعمال نہ ہو، افغانستان کی خوشحالی کا راستہ پاکستان سے ہے، افغانستان اگر استحکام چاہتا ہے تو پاکستان سے اچھے تعلقات رکھنا ہوں گے، امن چاہتے ہیں افغانستان کو دہشتگردی کےخلاف ساتھ دینا چاہیے،ایران کے بارڈر پر صورتحال کنٹرول میں ہے، بھارت کو جنگ میں ہرایا مگر ابھی تک خطرہ ٹلا نہیں ۔

مذاکرات کے سوال پر شاہ محمود قریشی نے کہا میں پی ٹی آئی کا وائس چیئرمین ہوں، پارٹی پالیسی سے نہیں ہٹ سکتا مگر سوچنا ہوگا آخر حل کیا ہے، مزاحمت کے بعد بھی تو مفاہمت ہی ہوتی ، گفت و شنید سے ہی ملک آگے بڑھ سکتا ہے،بانی پی ٹی آئی نے مذاکرات کا اختیاراچکزئی کو دیا ،جیلوں میں پڑے ہیں، انفارمیشن کم ہے تاہم محمود خان اچکزئی بہتر فیصلہ کرسکتے ہیں کیا کرنا ہے، فواد چودھری اور میں ایک پارٹی میں رہے ہیں، میں ہسپتال تھا تو عیادت کےلئے آگئے، اب گھر آئے مہمان کو کیا کہوں کیوں ملنے آئے ہو؟