ایمان مزاری ،ہادی چٹھہ کی ضمانت منسوخ، گرفتار کرنے کا حکم


اسلام آباد: (بیورورپورٹ)متنازع ٹوئٹس کیس میںایمان مزاری ،ہادی چٹھہ کی ضمانت منسوخ، عدالت نے گرفتار کرنے کاحکم دے دیا۔

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج افضل مجوکا نے سماعت کی،ہادی علی چٹھہ نے کہاایمان مزاری گواہ شہروز پر خود جرح کرنا چاہتی ہیں، جج افضل مجوکا نے کہا گواہ شہروز پر جرح مکمل کریں ورنہ جرح کا حق ختم کر دوں گا،اسلام آباد ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر چودھری نعیم گجر نے کہاپیر کی تاریخ دےدیں پھرکوئی التوا نہیں مانگا جائے گا، ایمان مزاری کی طبیعت خراب وہ خود جرح کرنا چاہتی ہیں۔

پراسیکیوشن نے التوا دیئے جانے کی مخالفت کرتے ہوئے موقف اپنایا عدالت گواہ سے حلف لے اور جرح شروع کرے۔

بار کے صدر نعیم گجر اور پراسیکیوٹر رانا عثمان کے درمیان کمرہ عدالت میں شدید تلخ کلامی ہوئی، ایڈووکیٹ نعیم گجر نے کہا تم لےکر دکھاﺅ حلف میں دیکھتا ہوں کیسے لیتے ہو، میں بار کا صدر ہوں تمہارے باپ کا نوکر نہیں، آنکھیں وہاں دکھانا جہاں سے تم ہو کر آئے ہو،تم لو حلف ٹانگیں توڑ کر بھجواﺅں گا،تلخی بڑھنے پر جج افضل مجوکا اٹھ کر چیمبر چلے گئے اور کیس کی سماعت میں وقفہ کردیا۔

وقفے کے بعد ایمان مزاری ،ہادی چٹھہ عدالت میں پیش نہ ہوئے، پراسیکیوٹر رانا عثمان نے کہا عدالت میں افسر آف دی کورٹ پر ہاتھ اٹھایاگیا، نعیم گجر بار کا صدر ہے یا غنڈہ ،عدالت نے ایمان مزاری ،ہادی چٹھہ کی ضمانت منسوخ کر دی اور گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دےدیا، عدالت نے ملزموں کاحق جرح بھی ختم کر دیا، 342 کا بیان ریکارڈ کیا جائے گا۔