دفاع مزید مضبوط،پاک بحریہ کاایل وائی 80 میزائل کا کامیاب تجربہ،ہدف تباہ

راولپنڈی،اسلام آباد:(بیورورپورٹ) ایک اور سنگ میل عبور،دفاع مزید مضبوط،پاک بحریہ نے زمین سے فضا تک مار کرنیوالے ایل وائی 80 میزائل کا کامیاب تجربہ کرلیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک بحریہ نے شمالی بحیرہ عرب میں جامع مشق کے ذریعے بحری جنگ کے جدید تقاضوں کے مطابق روایتی و خودکار پلیٹ فارمز کی حربی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا،مشق کے دوران ورٹیکل لانچنگ سسٹم کے ذریعے زمین سے فضا میں طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل LY-80(N) کی کامیاب فائرنگ کی گئی، ایل وائے 80 این میزائل کا طویل فاصلے پر فضائی ہدف کو کامیابی سے تباہ کرنامضبوط فضائی دفاعی صلاحیتوں کا مظہر ہے،کامیاب تجربے نے پاک بحریہ کے جدید فضائی دفاعی نظام کی طویل فاصلے تک دشمن کو نشانہ بنانے کی صلاحیت کی تصدیق پر مہرثبت کردی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے کہا مشق کے دوران لوئٹرنگ میونیشنز کے ذریعے سطح سمندر پر موجود اہداف کو بھی کامیابی سے ٹارگٹ کیاگیا جس سے پاک بحریہ کی اہداف کو درستگی سے نشانہ بنانے کی صلاحیت ،جدید بحری جنگ میں لوئٹرنگ میونیشنزکی افادیت ثابت ہوئی۔

علاوہ ازیں کھلے سمندر میں خود کاربحری جہاز کے کامیاب آپریشنزتجربات بھی کیے گئے، تجربات کے دوران بغیر پائلٹ بحری جہاز نے تیز رفتاری، مشن تکمیل کی صلاحیت، انتہائی پھرتی، درست نیویگیشن اور خراب موسمی حالات میں موثر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق تجربات خودکار بحری ٹیکنالوجی میں اہم پیشرفت ہے،اہم مشنز میں موثر ، تیز رفتار کارکردگی کی تصدیق کے علاوہ مینوریبلٹی، درست نیویگیشن اورہر طرح کے موسمی حالات میں آپریشن صلاحیت کی توثیق ہوئی، خودکار ویسلز خفیہ کارروائی کےلئے کم خطرے کےساتھ موثر ترین حل ہیں،کمانڈر پاکستان فلیٹ وائس ایڈمرل عبدالمنِیب نے مشق کا مشاہدہ کیا، پاک بحریہ کے جدید سسٹمز کے موثر استعمال کا عملی مظاہرہ کیا گیا۔

چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے پاک بحریہ کے افسروں ،جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت ، آپریشنل صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے ہر قسم کے حالات میں سمندری دفاع کو یقینی بنانے ،قومی بحری مفادات کے تحفظ کےلئے پاک بحریہ کے غیر متزلزل عزم کا بھی اعادہ کیا،ایڈمرل نوید اشرف نے کہاپاکستان نیوی ہر صورت پاکستان کے بحری دفاع اور قومی سمندری مفادات کے تحفظ کو یقینی بناتی رہے گی۔

دوسری جانب صدر آصف زرداری،وزیراعظم شہباز شریف ،وزیر داخلہ محسن نقوی ودیگر رہنماﺅں نے پاک بحریہ کی قیادت، افسروں ،جوانوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاشمالی بحیرہ عرب میں ہونے والی کامیاب و جامع مشق دفاعی صلاحیتوں کی مضبوطی کا مظہر ہے،پاک بحریہ جدید ٹیکنالوجی سے بحری سرحدوں کو ناقابل تسخیر بنا رہی ہے،بحریہ جدید و بہترین پیشہ ورانہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی فورس بن چکی ،خودکار نظام پاکستان کے تحفظ کو یقینی بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں،خودکار سطحی جہاز کا کھلے سمندر میں کامیاب تجربہ اہم سنگ میل ہے۔