ظلم کا نظام نہیں چل سکتا،نوازسب جانتے ہوئے غلط کر رہے ہیں، اچکزئی

لاہور: (وقائع نگار) تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود اچکزئی نے کہا ہے کسی سے جھگڑا نہیں مگر ظلم کا نظام نہیں چل سکتا ،نوازشریف سب جانتے ہوئے بھی غلط کر رہے ہیں، معذرت کے ساتھ اسٹیبلشمنٹ کی تربیت ہی غلط آپ کو اگر شوق ہے تو کام چھوڑ کر آئیں ڈنڈے دھونس سے کام نہیں چلے گا،ان خیالات کا اظہار انہوںنے تحریک تحفظ آئین پاکستان کی عوامی رابط مہم کے سلسلے میں دورہ لاہور کے دوسرے روز علامہ ناصر عباس و دیگر کے ہمراہ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

محمود اچکزئی نے کہا آئیں اجتماعی عقل و دانش سے مسائل کا حل نکالیں، چاہے وکلاءہوں، دانشور ہوں، کیمونسٹ ہوں جو بھی ہیں سب ملکر چلیں،ملک کو چلانے کا اور کوئی راستہ نہیں،ظالم کےخلاف آواز اٹھائیں گے۔

علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا ملک کو موجودہ سیاسی و آئینی دلدل سے نکالنے کےلئے تمام سٹیک ہولڈرز کو سنجیدگی کےساتھ مذاکرات کی میز پر آنا ہوگا کیونکہ پاکستان مزید محاذ آرائی ،انتشار کا متحمل نہیں ہو سکتا،اختلافات کی بنیاد پر ملک کو مزید نقصان کی طرف نہیں دھکیلا جانا چاہیے،حکومت برداشت، وسعت نظر اور شائستگی کے ساتھ سیاسی عمل کو آگے بڑھائے تاکہ عوام کا اعتماد بحال ہو اور لوگ خوف کے بغیر اپنی رائے کا اظہار کر سکیں۔

بیرسٹر علی ظفر نے کہا عمران خان سے ملاقاتوں کی اجازت تک حکومت سے کسی قسم کی بات چیت نہیں ہوسکتی‘ سب سے اہم ترجیح پاکستان کی خودمختاری کا تحفظ اسی تناظر میں عمران خان کی رہائی وقت کی ضرورت ہے،پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر معین ریاض قریشی نے کہا اسلام آباد سے تمام تر رکاوٹوں کے باوجود ایم پی ایز اور ایم این ایز اپنے مشن پر پہنچے،پنجاب پولیس نے پی ٹی آئی کے 17رہنماﺅں کی گاڑیوں کو نقصان پہنچایا ،کیش بھی نکال لیا،ہتھکنڈے کئی سالوں سے دیکھتے آ رہے ہیں جتنی مرضی فسطائیت کر لیں اپنی سیاسی مہم جاری رکھیں گے۔

دریں اثنا لاہورہائیکورٹ کے کراچی شہدا ہال میں وکلا سے خطاب کرتے ہوئے کہا محمود اچکزئی نے 8فروری کو یوم سیاہ منائیں گے،ملک بھر میں ہڑتال ہوگی،سب ملکرسیاسی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کریں، جدوجہدجاری رکھیں گے، پی ٹی آئی میں ڈسپلن کی کمی ہے،ڈسپلن کےساتھ آگے بڑھنا ہو گا۔