امریکہ ،امیگریشن حکام کے ہاتھوں خاتون قتل،سر میں گولی ماری گئی،شدید احتجاج

منیاپولس،نیویارک:(بیورورپورٹ)امریکہ میں امیگریشن حکام نے چھاپے کے دوران خاتون کو سر میں گولی مار کر ہلاک کر دیا، دل دہلادینے والی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

خاتون کو شہر کے جنوبی علاقے میں رہائشی محلے میں گولی ماری گئی، واقعہ کے وقت قریبی رشتے دار بھی موقع پر موجود تھا،شناخت رینی نکول میکلن گڈ کے نام سے ہوئی،متوفیہ ایک بچے کی ماں،سوشل میڈیا پر خود کو شاعرہ و مصنفہ کے طور پر متعارف کراتی تھیں، حکام نے کہا فائرنگ دفاع میں کی گئی، منیاپولس کے میئر جیکب فرے نے کارروائی کو غیر ضروری اور لاپرواہی قرار دیتے ہوئے امیگریشن حکام کو شہر چھوڑنے کی ہدایت کردی۔

ادھر عینی شاہدین کی جانب سے بنائی گئی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ،دیکھا جا سکتا ہے امیگریشن اہلکار گاڑی کے قریب جاکر فائرنگ کر دیتا ہے،فائرنگ کے بعد علاقے میں شدید غم و غصہ پھیل گیا اور سینکڑوں افراد سڑکوں پر نکل آئے،حالات کشیدہ ہوگئے،ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھائے شہریوں نے صدر ٹرمپ کی پالیسیوں کو عوام کی سلامتی کیلئے خطرہ قرار دےدیا،مظاہرین نے شمعیں روشن کر کے دعائیہ اجتماع کیا،صورتحال کے پیش نظر منیسوٹا کے گورنر ٹم والٹز نے نیشنل گارڈ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ذمہ دار امیگریشن کارروائیوں میں رکاوٹ ڈالنے والے مظاہرین کو قرار دیتے ہوئے کہاآئی سی ای افسر کی فائرنگ بظاہر دفاع میں تھی، خاتون نے افسر کو گاڑی سے کچلا، بدنظمی، مزاحمت اور رکاوٹ ڈال رہی تھی۔

دوسری جانب میئر نیویارک ظہران ممدانی نے سوشل میڈیا پیغام میں کہا چھاپے ظالمانہ ، غیر انسانی ہیں، نیویارک تارکین وطن کے حقوق کیلئے کھڑا ہے، رہائشی چاہتے ہیں شہر میں محفوظ رہیں،کانگرس ویمن الہان عمر نے کہا آئی سی ای کے اقدامات نا قابل معافی ہیں، حفاظت کی بجائے شہریوں کے قتل کا سلسلہ شروع کیا گیا، ریاستی تشدد ناقابل معافی ہے، آئی سی ای کو جواب دینا ہوگا۔