پی ایچ اے،یومیہ اجرت پر کام کرنے والے ملازمین تنخواہوں سے محروم

لاہور (قمر عباس نقوی) پارکس اینڈ ہارٹیکلچر ایجنسی لاہور کے مختلف زونز میں مالی یومیہ اجرت ملازمین 5 ماہ سے تنخواہوں سے محروم، پارکس میں تزئین و آرائش، اشتہاری مہموں اور نام نہاد بیوٹیفکیشن منصوبوں پر کروڑوں روپے خرچ، غریب مزدوروں کو بنیادی حق کی عدم ادائیگی کے باعث گھروں میں فاقوں کی نوبت آگئی۔ پارکس اینڈ ہارٹیکلچر ایجنسی لاہور میں کروڑوں روپے کے بجٹ کے باوجود یومیہ اجرت پر کام کرنے والے درجنوں ملازمین گزشتہ پانچ ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں، جس نے ادارے میں سنگین مالی بدانتظامی اور ممکنہ بے ضابطگیوں کو بے نقاب کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق لاہور کے اہم عوامی پارکس ریس کورس پارک میں 120 جبکہ باغ جناح میں 90 سے زائد یومیہ اجرت ملازمین خدمات انجام دے رہے ہیں جبکہ پی ایچ اے کے تمام زونز میں ملازمین کی کل تعداد 7616ہیں جس میں عارضی ملازمین کی مجموعی تعداد 4ہزار سے زائد ہے۔ ان ملازمین میں سکیورٹی گارڈز، مالی، صفائی ورکرز اور فیلڈ سٹاف شامل ہے، جو شہر کے پارکس کی روزانہ بنیادوں پر دیکھ بھال کے ذمہ دار ہیںذرائع کے مطابق ہر ماہ یومیہ اجرت ملازمین کی تنخواہوں کی مد میں تقریباً 2 سے 3 کروڑ روپے درکار ہوتے ہیں، تاہم اس کے باوجود پانچ ماہ سے ادائیگیاں نہیں کی گئیںملازمین نے الزام عائد کیا ہے کہ ایک جانب پارکس میں تزئین و آرائش، اشتہاری مہمات اور نام نہاد بیوٹیفکیشن منصوبوں پر کروڑوں روپے لگائے جا رہے ہیں جبکہ دوسری جانب غریب مزدوروں کو بنیادی حق سے محروم رکھا جا رہا ہے یومیہ اجرت ملازمین کی تنخواہیں نان ڈیولپمنٹ ہیڈ سے ادا کی جاتی ہیں لیکن فنڈز کی ریلیز کے باوجود رقم نیچے منتقل نہیں کی جا رہی اس حوالے سے پی ایچ اے کے متعلقہ افسران خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں جو شکوک و شبہات کو مزید تقویت دے رہی ہے ملازمین نے کہا ہے کہ ایک جانب پارکس میں تزئین و آرائش، اشتہاری مہمات اور نام نہاد بیوٹیفکیشن منصوبوں پر کروڑوں روپے لگائے جا رہے ہیں جبکہ دوسری جانب غریب مزدوروں کو بنیادی حق سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ متاثرہ ملازمین کا کہنا ہے کہ تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے باعث گھروں میں فاقوں کی نوبت آ چکی ہے، جبکہ کئی ملازمین نے احتجاج اور کام چھوڑ ہڑتال کی وارننگ دے دی ہے جس کی تمام تر ذمہ داری پی ایچ اے کی زونل انتظامیہ پر عائد ہو گی۔ دوسری طرف ترجمان کا کہنا ہے کہ ریگولر ڈیلی ویجز ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی کی جارہی ہے اس میں تاخیر تو ہو سکتی ہے لیکن عدم ادائیگی کا الزام غلط ہے۔