مذاکرات کی بات5 بڑوں کی ملاقات تک آ گئی تو نہ ہی سمجھا جائے،پی ٹی آئی
راولپنڈی:(بیورورپورٹ)چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے 8فروری کو شٹر ڈاون، پہیہ جام کا اعلان کرتے ہوئے کہا مذاکرات کی بات اگر 5 بڑوں کی ملاقات تک آ گئی تو نہ ہی سمجھا جائے۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا 5 بڑے ملاقات کر سکتے ہیں نہ ہی ضرورت ہے، جب ملاقاتیں ہی نہیں کرنے دی جاتیں تو مذاکرات کیسے ہوں گے؟،ایک ماہ سے زائد عرصہ ہو چکا ،بانی سے کسی کی ملاقات نہیں ہوئی، ملاقاتوں کو متنازع بنا کر بات کہاں سے آگے بڑھے گی، حالات معمول پر لانے کی بھاری قیمت مانگی جا رہی ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہاجتنی کوشش کی حالات ٹھیک ہوں دوسری طرف سے اتنی ہی کوشش حالات خراب کرنے کےلئے کی گئی،بانی وجماعت کی سب سے بڑی قوت ورکرز ہیں، ریاست نے جتنی سختیاں کیں کارکنوںنے برداشت کیں، 8 فروری کو پورے ملک میں شٹر ڈاون اور پہیہ جام ہو گا، بھرپور احتجاج ریکارڈ کرائیں گے، حالات معمول پر لانے کےلئے عمران خان سے بہنوں اور وکلا کی ملاقات ضروری ہے، قومی اسمبلی اورسینٹ میں اچکزئی صاحب اور علامہ صاحب کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے جو لوگ حالات کی بہتری کےلئے کام کر رہے ہیں ، ستائش ہونی چاہیے۔
دریں اثنا علیمہ خان نے گورکھپور ناکا پرصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا قرآن خوانی میں تاخیر اس لیے ہوئی کیونکہ راستے بند کیے گئے ، لوگوں کو جہاں روکا جاتا ہے وہیں قرآن خوانی کر لیتے ہیں، بانی پی ٹی آئی کو قید تنہائی میں رکھا گیا ہے، بانی کو قید میں رکھ کر کیا ملے گا، آئین مسلسل قید تنہائی کے حوالے سے واضح ہے، یہ بانی سے ڈرے ہوئے ہیں کیوں کہ وہ باہر آ کر لوگوں کی آزادی کی بات کریں گے، ملکی معیشت تباہ ہو چکی، پولیس والوں سے اپیل ہے محنت مزدوری کریں لیکن غیرقانونی احکامات نہ مانیں، حکومت سے ملک نہیں سنبھل رہا، لوگ تنگ آ چکے ،ملاقات کےلئے آتے ہیں لیکن ملاقات نہیں کرائی جاتی، میڈیا میں بانی کا نام تک نہیں لیا جاتا لیکن اسرائیلی وزیر اعظم کی خبریں چلتی ہیں۔
علاوہ ازیں انسداد اے ٹی سی میں جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت کے بعد پی ٹی آئی وکیل فیصل چودھری نے کہاحکومت شتر بے مہار چل رہی، منزل ہے نہ کوئی ٹھکانہ، 9 مئی کو سیاسی کیس بنا دیا گیا ،اگر مریخ پر بھی پی ٹی آئی کا بندہ تھا تو اسے بھی مقدمے میں ڈال دیاجاتا،یہ مقدمات اہمیت کھوچکے ہیں،حکومت سیاسی لڑائیاں بند کرے اور عوام کی بہتری پر توجہ دے۔



















