امن کوکمزوری نہ سمجھا جائے ، ملکی دفاع پر سمجھوتہ ممکن نہیں ،صدر زرداری

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)صدر مملکت آصف زرداری نے کہا ہے امن کو کمزوری نہ سمجھا جائے ، ملکی دفاع پر کوئی سمجھوتہ ممکن نہیں ، کسی بھی وجودی خطرے کا بھرپور قومی عزم اور 25 کروڑ پاکستانیوں کی طاقت سے جواب دیا جائےگا، پاکستان بھارت کےساتھ تمام تصفیہ طلب امور بشمول کشمیری عوام کے حق خودارادیت کو بین الاقوامی وعدوں کے مطابق پرامن طریقے سے حل کرنے کےلئے تیار ہیں ۔

نئے سال پر اپنے پیغام میں آصف زرداری نے کہا افغان حکام دوحہ معاہدے کی پاسداری کریں اور ملکی سرزمین کو ہمسایہ ممالک کے خلاف استعمال نہ ہونے دیں،پاکستان پراکسی جنگوں ، انتہائی پسندی ، زینو فوبیا اور عوامی جذبات پر مبنی فسطائیت جیسے چیلنجز سے محفوظ نہیں ،اتحاد، استقامت، تخلیقی صلاحیت اور یقین کے ساتھ مشکلات پر قابو پاسکتے ہیں،تعلیم، صحت، نوجوانوں، تخلیقی شعبوں، مصنوعی ذہانت اور ابھرتی ٹیکنالوجیز میں سرمایہ کاری بقا و ترقی کےلئے ناگزیر ہے۔

صدر مملکت نے کہا سیلاب، خشک سالی، پانی کی قلت اور شدید گرمی معمول بن چکے ، ماحولیاتی مطابقت کو نقصانات کے ازالے کےساتھ آگے بڑھانا ،ہر قسم کی انتہاپسندی کو مسترد اور تشدد کی ہر صورت سے لاتعلقی اختیار کرنا ہوگی، عوام، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں ، عالمی برادری کو دلی مبارکباد اور نیک تمناوں کا پیغام دیتا ہوں۔