سکھر (مشرق نیوز) پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما چودھری منظور حسین اور پی آئی اے پیپلز لیبر یونین کے انچارج ہدایت اللہ خان نے سکھر پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی آئی اے کی نجکاری کو غیر شفاف، غیر منصفانہ اور ملک کے خلاف بڑی سازش قرار دے دیا سکھر پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چودھری منظور حسین نے کہا کہ حکومت عوام کو گمراہ کر رہی ہے، پی آئی اے کو 135 ارب روپے میں فروخت کرنے کا دعویٰ جھوٹ ہے جبکہ حقیقت میں قومی ایئر لائن کو صرف 10 ارب روپے میں مخصوص گروپ کے حوالے کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ پی آئی اے کے قیمتی اثاثے، ہینگرز، اسپیئر پارٹس، گراونڈ سپورٹ مشینری اور ملک بھر میں موجود اربوں روپے مالیت کی پراپرٹیز بھی خفیہ طور پر نجی کمپنی کے حوالے کی جا رہی ہیں۔ چودھری منظور حسین کا کہنا تھا کہ پی آئی اے نے گزشتہ سال 26 ارب روپے منافع کمایا جبکہ رواں سال بھی اربوں روپے منافع موجود ہے، اس کے باوجود ادارے کو خسارے میں ظاہر کر کے بیچنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر نجکاری شفاف ہوتی تو آزاد انونٹری کیوں نہیں بنائی گئی اور ملازمین کو اس عمل میں کیوں شامل نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کے 64 قیمتی ایئر روٹس، یورپ اور دیگر ممالک کی پراپرٹیز اور پاکستان کے بڑے شہروں میں موجود اثاثے کسی قیمت کے بغیر منتقل کیے جا رہے ہیں، جو ملکی تاریخ کی سب سے بڑی لوٹ مار ہے۔ چودھری منظور حسین نے اعلان کیا کہ پی آئی اے ایک پارلیمانی ادارہ ہے اور پارلیمنٹ کی منظوری کے بغیر اس کی فروخت ممکن نہیں، اسلئے اس معاملے کو اسمبلی، پارلیمنٹ اور عدالتوں میں بھرپور طریقے سے اٹھایا جائے گا۔ اس موقع پر ہدایت اللہ خان نے کہا کہ پی آئی اے کے ملازمین نجکاری کے خلاف ہیں اور رہیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ملازمین کی تعداد زیادہ ہونے کا تاثر جھوٹ پر مبنی ہے اور پی آئی اے آج بھی ایک منافع بخش ادارہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین کو دیے گئے 12 فیصد شیئرز کے حق کو نظر انداز کیا جا رہا ہے، جو سراسر ناانصافی ہے۔ پریس کانفرنس کے اختتام پر چودھری منظور حسین نے حکومت کو چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ اگر وہ غلط ثابت ہوئے تو ہر سزا قبول کریں گے، بصورت دیگر ذمہ داران کو استعفیٰ دینا ہوگا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پی آئی اے کی نجکاری کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں تاکہ عوام کے سامنے تمام حقائق آ سکیں۔
پی آئی اے کی نجکاری غیر شفاف اور ملک کے خلاف بڑی سازش ہے: چودھری منظور



















