KP،دوردرازعلاقوں میں انفراسٹرکچر کی کمی ،چیف جسٹس کا اظہار تشویش

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے خیبرپختونخوا کے دوردرازعلاقوں میں عدالتی انفراسٹرکچر کی کمی پرتشویش کااظہار کردیا۔

سپریم کورٹ سے جاری اعلامیے کے مطابق چیف جسٹس کی زیر صدارت لا اینڈ جسٹس کمیشن کا اجلاس ہوا، چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا، سیکرٹری فنانس خیبرپختونخوا نے شرکت کی،حساس علاقوں میں ضلعی انتظامیہ کے افسروں کےلئے ویڈیو لنک سہولیات کے استعمال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے جہاں ضرورت ہو وہاں سہولیات کی فوری دستیابی یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی گئیں۔

اعلامیے کے مطابق چیف جسٹس نے دور دراز علاقوں میں بنیادی عدالتی انفرا سٹرکچر کی کمی پر تشویش کا اظہار کیا اور علاقائی عدم مساوات کم کرنے ،انصاف تک رسائی بہتر بنانے کےلئے ہدفی و شہری مرکزیت پر مبنی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔

جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا مستقبل کا عدالتی انفرا سٹرکچر جدید سہولت مراکز سے آراستہ ہونا چاہیے، صنفی حساس ،خواتین دوست سہولیات کو خصوصی اہمیت دی جائے،اجلاس میں قانون و انصاف کمیشن کے زیر انتظام انصاف تک رسائی فنڈز کے تحت جاری ملک گیر اقدامات اور چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ نے پشاور ،سوات میں فیملی کورٹ بلاکس کے قیام پر بریفنگ دی۔

چیف جسٹس کی زیرصدارت اجلاس میں عدلیہ ،صوبائی حکومت کی جانب سے عدالتی انفرا سٹرکچر مضبوط بنانے، عوامی سہولت کاری بڑھانے اور خیبر پختونخوا بھر میں آئینی تقاضوں ،قومی پالیسی اہداف کے مطابق انصاف تک مساوی رسائی یقینی بنانے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا گیا۔