اسلام آباد:(بیورورپورٹ)یو اے ای کے صدرکا پہلا سرکاری دورہ پاکستان، پرتپاک استقبال، فضائی سلامی،گارڈ آف آنر،شیخ محمد بن زاید النہیان کی صدر،وزیراعظم،فیلڈ مارشل سے ملاقاتیں،دونوں ممالک نے تجارت و دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کرلیا۔
متحدہ عرب امارات کے صدر اور ابوظہبی کے حکمران شیخ محمد بن زید النہیان نے پاکستان کا سرکاری دورہ کیا،اعلیٰ سطح کاوفد بھی ساتھ آیا،نور خان ایئربیس پر وزیر اعظم شہباز شریف، نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار ،چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پروقار استقبال کیا،کابینہ اراکین ،سرکاری حکام بھی معززین کے استقبال کےلئے موجود تھے،اماراتی صدر کو 21 توپوں کی سلامی ، گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
شیخ محمد بن زاید النہیان طیارے سے باہر آئے تو وزیراعظم شہباز شریف ،فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے گرمجوشی سے مصافحہ کیا ،روایتی لباس میں ملبوس بچوں نے پھول پیش کیے،چیف آف ڈیفنس فورسز سید عاصم منیر کے سیلوٹ کے جواب میں متحدہ عرب امارات کے صدر کاگرم جوشی سے جوابی سیلوٹ مضبوط برادرانہ رشتے کا عکاس ہے،شیخ محمد بن زاید ہوائی اڈے پر موجود وفاقی وزرا سے بالمشافہ ملے، استقبال کےلئے موجودمختلف ثقافتوں کے نمائندہ بچوں بچیوں سے اظہار شفقت کیا۔
اعلامیے کے مطابق یواے ای کے صدر نے وفد کے ہمراہ صدر، وزیراعظم ،فیلڈ مارشل سے ملاقاتیں کیں ،مختلف امور پر تبادلہ خیال کیاگیا،شیخ محمد بن زاید النہیان ،وزیراعظم شہباز شریف نے دیرینہ برادرانہ تعلقات مزید مستحکم بنانے ،تعاون کے شعبہ جات میں پیشرفت کا جائزہ ،مختلف شعبوں میں روابط مزید گہرا کرنے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا، دونوں فریقین نے معاشی تعاون، سرمایہ کاری، توانائی، انفراسٹرکچر کی ترقی، آئی ٹی، ٹیکنالوجی و عوامی روابط کے فروغ کی اہمیت پر زور دیا۔
اماراتی صدر،وزیراعظم نے دوطرفہ تجارت میں اضافے پر اتفاق کرتے ہوئے کہادونوں ممالک کےلئے باہمی مفاد کے وسیع امکانات موجود ہیں،ملاقات میں علاقائی و عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال ،باہمی دلچسپی کے معاملات پر قریبی رابطہ و تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ ،دوطرفہ تعلقات کی مثبت سمت پر اطمینان کا اظہار کیاگیا، مختلف شعبوں میں روابط کو گہرا کرنے کی راہیں بھی تلاش کی گئیں،دونوں رہنماﺅں کی جانب سے امن، استحکام اور پائیدار ترقی کے مشترکہ اہداف کے حصول کےلئے ملکر کام کرنے کے عزم کی تجدید کی گئی،جاری کیے گئے اعلامیے میں مزید کہا گیاشیخ محمد بن زاید النہیان کا دورہ،گہرے برادرانہ تعلقات کو مستحکم و سٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔
بعد ازاں متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زاید النہیان پاکستان کا ایک روزہ دورہ مکمل کر کے واپس چلے گئے،اسلام آباد میں عام تعطیل رہی ،پاکستان سیکرٹریٹ سمیت تمام وفاقی ادارے بند رہے،اسلام آباد کی اہم شاہراہوں ،عماتوں پر پاک یواے ای پرچموں کی بہاررہی ، راستوں کی خصوصی تزئین و آرائش، برقی قمقموں سے چراغاں کیا گیا۔
قبل ازیں مہمان صدر کا طیارہ جوں ہی ملکی فضائی حدود میں داخل ہوا تو پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے شاندار فضائی سلامی دی،مہمان نوازی ،بھائی چارے کے شاندار مظاہرے میں پاک فضائیہ کے طیاروں نے رسمی ایئر ایسکارٹ فراہم کیا، شاندار استقبال پاکستان ،متحدہ عرب امارات کے گہرے برادرانہ تعلقات و باہمی احترام کا مظہر ہے،فارمیشن لیڈر نے وزیر اعظم ،عوام کی جانب سے شیخ محمد بن زاید النہیان کو پرتپاک سلام پیش کیا، مہمانوں کو فضائی سلامی پیش کرنا جذبہ خیر سگالی کی روایت کا تسلسل ہے۔
دریں اثناوزیراعظم شہبازشریف نے ایکس پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا اماراتی صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کا پاکستان آمد پر دل سے خیرمقدم کرتے ہیں،معزز بھائی کا سرکاری دورہ نئے سال کی خوشیوں ،باہمی روابط کی گرماہٹ میں اضافہ ہے، نہایت خوشگوار و تعمیری مذاکرات ہوئے،دوطرفہ تعاون کے وسیع شعبوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔
شہبازشریف نے کہا ملاقات میں امن، خوشحالی ،ترقی کےلئے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا گیا، پاکستان ،یو اے ای کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات مزید مضبوط ہو رہے ہیں، پاکستان کو یو اے ای کےساتھ دیرینہ، مضبوط و تاریخی تعلقات پر فخر ہے، شیخ محمد بن زاید النہیان کی قیادت میں پاک امارات تعلقات نئی بلندیوں کی جانب بڑھ رہے ہیں۔
اماراتی صدر کا پرتپاک استقبال، فضائی سلامی،متعدد شعبوں میں تعاون بڑھانے پر متفق



















