کرک، پولیس موبائل پر حملہ، 5 اہلکار شہید،جوابی کارروائی میں8دہشتگر ہلاک


ڈی آئی خان،کوئٹہ،اسلام آباد: (بیورورپورٹ) کرک میں دہشتگردوں کا پولیس موبائل پر حملہ، 5 اہلکار شہید، جوابی کارروائی میں8دہشتگرد جہنم واصل ،نصیر آباد میں ریلوے ٹریک پر دھماکہ،پٹڑی کا 3 فٹ کا حصہ تباہ ہوگیا

بامی بانڈہ گرگری کے قریب پولیس موبائل پر حملے میں 5 اہلکار نشانہ بنے ،ڈسٹرکٹ پولیس کرک ، سی ٹی ڈی کوہاٹ کے افسروں و جوانوں نے موقع پر پہنچ کر دہشتگردوں کا تعاقب کیا، شدید فائرنگ کے تبادلے میں 8 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا،ہلاک دہشتگردوں میں ایک کی شناخت عارف عرف ڈان کے نام سے ہوئی ، علاقے میں دہشتگردسرگرمیوں میں ملوث و مطلوب تھا،شہدا میں ہیڈ کانسٹیبل شاہد زمان، کانسٹیبل عارف، سمیع ، صفدر،ابرار شامل ہیں۔

دوسری جانب نصیر آباد میں ریلوے سٹیشن نوتال کے قریب ٹریک پر دھماکے سے پٹڑی کا 3 فٹ کا حصہ تباہ ہوگیا،کچھ دیر بعد پشاور سے کوئٹہ آنے والی جعفر ایکسپریس کو گزرنا تھا،ریلوے حکام کے مطابق پشاور سے کوئٹہ آنے والی جعفر ایکسپریس کو ڈیرہ مراد جمالی سٹیشن پر روک لیا گیا۔

دریں اثنا صدر، وزیراعظم،وزیر داخلہ ودیگر نے 5 پولیس اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا دہشتگردی کےخلاف جنگ میں پولیس نے ہمیشہ ہراول دستے کا کردار ادا کیا،پوری قوم شہدا کو سلام پیش کرتی ہے،ہر قسم کی دہشتگردی کامکمل خاتمہ کرکے دم لیں گے۔