صوبے کا مقدمہ دلیل سے لڑینگے، وفاق سے حق لیکر رہیں گے: فیصل کریم کنڈی

پشاور (مشرق نیوز) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ وفاق کے ساتھ بات دلیل اور دلائل پر ہوگی اور صوبے کیلئے حق لے کر رہیں گے، وہ صوبے کا مقدمہ لڑنے کیلئے وزیراعلیٰ کے شانہ بشانہ بلکہ ان سے دو قدم آگے کھڑے ہوں گے۔

فیصل کریم کنڈی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے ماضی میں کئی بار سر پر کفن باندھنے اور جنازے پڑھنے کی باتیں کی گئیں، لیکن آج وہ لوگ گھروں کو جا چکے ہیں اور بانی پی ٹی آئی جیل میں ہیں، پی ٹی آئی کے کچھ عناصر خود نہیں چاہتے کہ بانی پی ٹی آئی باہر آئیں کیونکہ اس سے ان کی سیاست ختم ہو جائے گی۔

گورنر خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ ماضی میں بانی پی ٹی آئی کسی سیاسی مخالف کے ساتھ بیٹھنے کو تیار نہیں تھے، مگر آج ان کی جماعت مذاکرات کی بات کر رہی ہے، وفاق نے بڑا پن دکھاتے ہوئے پی ٹی آئی کی مذاکرات کی دعوت قبول کی ہے۔

فیصل کریم کنڈی نے امن و امان پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اڈیالہ جیل کے باہر جانا فضول ہے، اصل کربلا کرم ایجنسی میں بنی ہوئی ہے جہاں امن و امان کی صورتحال خراب ہے، دہشت گردی کیخلاف ہم اپنی فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں کیونکہ امن ہوگا تو خوشحالی اور ترقی آئے گی، ملک بھر میں بھتہ خوری کے خلاف زیرو ٹالرنس ہے اور جہاں کہیں بھی بھتہ خوری یا غیر قانونی سرگرمیاں ہوں گی، ریاست کارروائی کرے گی، صوبائی حکومتوں کو چاہیے کہ اداروں کو مکمل سپورٹ کریں تاکہ جرائم میں کمی لائی جا سکے۔

افغان مہاجرین کے حوالے سے گورنر خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ افغان باشندوں کو اپنے وطن واپس جانا چاہیے اور قانونی طریقے سے ویزا لے کر پاکستان آئیں، افغانستان کی سرزمین بھارت دہشت گردی کیلئے استعمال کر رہا ہے۔ فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا ہے کہ جب پاکستان بھارت کو چار دن میں جواب دے سکتا ہے تو مٹھی بھر شرپسند عناصر کو بھی موثر جواب دیا جا سکتا ہے۔