سڈنی واقعہ میں بھارتی ملوث، پاکستان کےخلاف بیانیہ زمین بوس ہوگیا،تارڑ

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وزیراطلاعات عطاتارڑ نے کہا ہے سڈنی واقعہ پر بھارت نے بغیرشواہد و تصدیق پاکستان کےخلاف جھوٹا بیانیہ بنایا،پروپیگنڈا افسوسناک ہے،واقعہ کے فوری بعد بھارتی میڈیا و سوشل میڈیا اکاونٹس سے پاکستان پر بے بنیاد الزامات عائد کیے گئے،مستند چینلز کا بھی ڈس انفارمیشن کا حصہ بننا انتہائی مایوس کن ہے۔

عطا تارڑ نے کہا حکومت نے سڈنی واقعہ کی فوری مذمت کی ،صدر ،وزیراعظم نے گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کیاپھر بھی بعض میڈیا اداروں نے ادارتی اصولوں ،صحافتی ضابطوں کا خیال نہیں رکھا،آسٹریلوی پولیس نے تصدیق کردی ملزم تلنگانہ کے شہر حیدرآباد (بھارت) سے تعلق رکھتا ہے، پاکستان پر لگائے گئے الزامات بے بنیاد ثابت ہو گئے۔

وزیر اطلاعات نے کہا16 دسمبر پاکستان کےلئے اذیت ناک دن ہے ،ننھے بچوں کو بربریت کا نشانہ بنایا گیا، سانحہ اے پی ایس میں معصوم بچوں نے عظیم قربانیاں دیں ایسے دن پر پاکستان کو دہشتگردی سے جوڑنے کی کوشش انتہائی تکلیف دہ ہے،دشمن ملک کی جانب سے مذموم مہم چلائی گئی،تصدیق ہو چکی سڈنی میں فائرنگ کرنےوالے حملہ آور بھارتی تھے، نومبر میں فلپائن کا دورہ بھی کیا،بلوچستان ،خیبرپختونخوا میں فتنہ الہندوستان کی کارروائیاں ثبوت ہیں پاکستان کو مسلسل عدم استحکام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

دریں اثنا کرسمس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا اقلیتی برادری کی ملک کےلئے قربانیاں فراموش نہیں کی جاسکتیں،کرسچین کمیونٹی نے ہمیشہ پیاردیا،پاکستان کی ترقی میں بھی اہم کردارہے، اقلیتی برادری ہر شعبے میں خدمات انجام دے رہی ہے،کرسمس تقریب میں شرکت میرے لیے اعزاز ہے، پاکستان میں تمام اقلیتوں کو برابری کے حقوق حاصل ہیں، حقوق کا تحفظ حکومت کی ترجیح ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا اسلام آباد میں جلد کرسمس بازار لگائیں گے، پاکستان میں مسیحی برادری کا کردار سنہرے حروف میں لکھا جائے گا،ملکی ترقی وقیام امن کےلئے متحد ہونا ہوگا،میں کرسچین کمیونٹی کے حقوق کا کسٹوڈین ہوں۔