اشک آباد، اسلام آباد (مشرق نیوز+ بیورو رپورٹ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کا نیا خطرہ افغانستان سے اٹھ رہا ہے، عالمی برادری طالبان حکومت پر ذمہ داریوں کی ادائیگی کےلئے دباﺅ ڈالے،موسمیاتی تبدیلی اور عدم مساوات ترقی پذیر ممالک کے بڑے چیلنجز ہیں، دنیا کو صفر جمع سوچ سے نکل کر مشترکہ تعاون اپنانا ہوگا،ترکمانستان کے شہر اشک آباد میں عالمی امن فورم سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا2025 کو بین الاقوامی سال برائے امن قرار دینا خوش آئند ہے،پاکستان عالمی امن کےلئے بھرپور کردار ادا کر رہا ہے، تنازعات کا پرامن حل پاکستان کی خارجہ پالیسی کا ستون ہے، پاکستان کی حمایت سے غزہ میں امن منصوبہ منظور ہوا، جنگ بندی کےلئے تعاون پر سعودی عرب، قطر، ترکیہ، متحدہ عرب امارات، اردن اور ایران کے مشکور ہیں، غزہ میں امن کےلئے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں، سلامتی کونسل کی قرار داد 2788 پاکستان کے ویژن کی تائید ہے اور مشرق وسطیٰ میں تادیر جنگ بندی اور انسانی بنیادوں پر امداد کی فراہمی ضروری ہے،وزیر اعظم نے کہاپائیدار امن اور پائیدار ترقی لازم و ملزوم ہیں، ترقی یافتہ ٹیکنالوجیز پر منصفانہ رسائی ناگزیر ہے، مالیاتی شمولیت اور خواتین کو معاشی دھارے میں لانا ہماری حکومت کی ترجیح ہے،پاکستان کا صاف اور سرسبز ترقیاتی ماڈل عالمی مثال ہے، موسمیاتی تبدیلی اور عدم مساوات ترقی پذیر ممالک کے بڑے چیلنجز ہیں، موسمیاتی تبدیلیوں سے دنیا کے کئی ممالک کو خطرات درپیش ہیں، فورم کو عملی اقدامات میں ڈھالنے کی ضرورت ہے، دنیا کو صفر جمع سوچ سے نکل کر مشترکہ تعاون اپنانا ہوگا، تجارت ہی نہیں، انسانوں اور خیالات کو جوڑنے والے پل تعمیر کرنا ضروری ہے،دریں اثناءوزیر اعظم شہباز شریف کی بین الاقوامی سال برائے امن و اعتماد ، عالمی دن برائے غیر جانبداری اور ترکمانستان کی 30 سالہ مستقل غیر جانبداری کی سالگرہ کے حوالے سے اشک آباد میں منعقدہ فورم کے موقع پر عالمی رہنماﺅں سے خوشگوار غیر رسمی ملاقاتیں ہوئیں، وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن، ترک صدر رجب طیب اردگان،ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان، تاجکستان کے صدر امام علی رحمن اور کرغزستان کے صدر صادر ژپاروف سے غیر رسمی ملاقاتیں کیں،فورم کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف عالمی رہنماﺅں کی توجہ کا مرکز بنے رہے،عالمی رہنماﺅں سے ملاقاتوں کے دوران وزارتی سطح کے تبادلوں پر اتفاق ،دوطرفہ تعلقات، علاقائی تعاون، سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال کیا گیا،مزید بر آں وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی رہنماﺅں کے ساتھ ترکمانستان کی مستقل غیرجانبداری کی پالیسی کی علامت ”یادگار غیرجانبداری“ کا دورہ کیا،وزیراعظم شہباز شریف نے ترکمانستان کے دارالحکومت اشک آباد میں یادگار غیرجانبداری پر پھول چڑھائے، اس موقع پر روس کے صدر ولادی میر پیوٹن، ترک صدر رجب طیب اردوان ، ترکمانستان کے صدر بردی محمدوف سمیت متعدد عالمی رہنما بھی موجود تھے جن سے وزیراعظم کا خوشگوار جملوں کا تبادلہ بھی ہوا، ادھر وزیراعظم شہبازشریف نے کہا انسانی سمگلنگ اور غیرقانونی مائیگریشن روکنے کی ہماری کوششوں کو تسلیم کیا جارہا ہے، ایکس پرجاری بیان میںوزیراعظم نے وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی برسلزمیں کمشنر یورپی یونین سے ہونےوالی ملاقات کوسراہتے ہوئے کہاہیومن ٹریفکنگ اورغیرقانونی مائیگریشن کے خاتمے کیلئے کوششوں کوتسلیم کیاجارہاہے، وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی برسلزمیں کمشنریورپی یونین برائے ہوم افیئرزاینڈ مائیگریشن کی ملاقات میں اہم پیش رفت پرخوشی ہوئی، میں وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی اور ٹیم کی کاوشوں کو سراہتاہوں، ہیومن ٹریفکنگ اورغیرقانونی مائیگریشن کے خاتمے کیلئے ہماری کوششوں کوبرسلز اورلندن میں تسلیم کیاگیا۔
افغانستان سے دہشت گردی کا نیا خطرہ ہے: وزیراعظم



















