پاک واشنگٹن دیرینہ سکیورٹی تعاون بہت اہم ہے، امریکی سفیر

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے کہا ہے پاک واشنگٹن دیرینہ سکیورٹی تعاون بہت اہم ہے۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے نیٹلی بیکر نے کہا دونوں ممالک کے تعلقات صدر ٹرمپ کے دور میں مزید مضبوط ،تجارت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی ،آئی ٹی شعبوں میں تعلقات بڑھا رہے ہیں، پاکستان میں پہلی بار یو ایس ای ایف پی کےلئے مستقل عمارت قائم کی گئی ،نئی عمارت تعلیمی، ثقافتی ، تحقیقاتی سرگرمیوں کےلئے جدید سہولیات سے آراستہ ، عمارت پاکستان ،امریکہ کی دیرینہ تعلیمی شراکت داری کی علامت ہے۔

قائم مقام امریکی سفیر نے کہا طلبہ کو آن لائن کتابوں تک رسائی کی سہولت فراہم کی جائے گی، امریکی یونیورسٹیوں میں داخلے و تحقیق کےلئے رہنمائی آن سائٹ دستیاب ہوگی،عمارت میں فلم سکریننگ، ثقافتی پروگراموں اور سیمینارز کےلئے جدید آڈیٹوریم قائم کیا گیا ، طلبہ کےلئے تھری ڈی پرنٹنگ، پوڈکاسٹ اور سوشل میڈیا ٹیکنالوجی کی تربیت کا بندوبست بھی ہے۔