دلیر سپہ سالارکی موجودگی میں دہشتگرد کچھ نہیں کرسکتے،وزیراعلیٰ بلوچستان


اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے دلیر سپہ سالارکی موجودگی میں دہشتگرد کچھ نہیں کرسکتے،بلوچستان کے لوگ فوج کےساتھ تھے، ہیں اور رہیں گے، بلوچوں کو لاحاصل جنگ میں دھکیلا گیا، ریاست نے معافی کا دروازہ کھلا چھوڑا ہے،واپس آنےوالوں کو راستہ دیں گے، عسکریت پسندوں کا ہتھیار ڈالنا خوش آئند پیشرفت ہے،ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس کی 100 فیصد توثیق کرتا ہوں،کیا دہشتگردوں کو اسلام آباد تک پہنچنے کی اجازت دے دیں؟۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے میرسرفراز بگٹی نے کہاڈیرہ بگٹی میں 100کے قریب دہشتگردوں نے ریاست کے سامنے سرنڈر کیا،پہاڑوں سے واپس آکر سرنڈر کرنے والوں کو ویلکم کرنا چاہئے، ریاست پاکستان ،پرچم زیادہ اہم ہے، ایک سال کے دوران دہشتگردی کے 900واقعات میں 205 سکیورٹی اہلکاروں،6 افسروں نے جام شہادت نوش کیا، 280شہریوںکو بے دردی کےساتھ قتل کیا گیا، خدانخواستہ تشدد کے ذریعے پاکستان کوتوڑنے کی کوشش کی جارہی ہے، فورسز نے 760دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا، افغان بارڈر پر 50،50 دہشتگرد بھی مارے گئے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا افغانستان نے دوحہ معاہدے میں وعدہ کیا کابل کی سرزمین کسی ملک کےخلاف استعمال نہیں ہوگی،طالبان حکومت ساری دنیا کے سامنے وعدہ خلافی کررہی ہے،فیلڈمارشل نے تدبر، دلیری سے اپنے سے 10گنابڑے دشمن کے عزائم خاک میں ملائے،پورا پاکستان دہشتگردی کےخلاف متفق ، افغانستان جیسا ملک کئی دہائیوں سے عدم استحکام کا شکار، خیبرپختونخوا ،بلوچستان میں دہشتگردی واقعات کی تعداد زیادہ ہے، بلوچستان حکومت دہشتگردی کےخلاف جنگ میں لیڈ لے چکی۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا ضمنی انتخابات میں ایک جماعت کی شہرت کا بیانیہ سب نے دیکھ لیا، ابو جہل کا بیانیہ بھی زیادہ پاپولر تھا، ریاست کو کمزور کرنے والے بیانیے کو ترک ،اپنے رویوں پر غور کرنا ہوگا،پاپولر لیڈر کے اپنے بیٹے لندن اورپاکستان کے بیٹے فوجی جوان ملک کی خاطر خون دے رہے ہیں،ہمیشہ سیاست سے زیادہ ریاست اہم ہونی چاہیے، ریاست ہوگی تو سیاست ،صحافت بھی ہو گی،ریاست، مسلح افواج اور فیلڈ مارشل کےخلاف بیانیہ بنایا گیا، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا میرے لیے قابل احترام ،صوبے کو گورننس،ڈویلپمنٹ کی ضرورت، سہیل آفریدی اپنے لوگوں کے حقوق پر وفاقی حکومت سے ڈائیلاگ کریں۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا آئین میں واضح لکھا آپ بطور وزیراعلیٰ آرمڈ فورسز کےخلاف احتجاج نہیں کر سکتے، باقی 3صوبے پرامن طریقے سے اپنا کام کررہے ہیں، باقی تینوں صوبوں کا فوکس بہتری ہے، سہیل آفریدی کو مشورہ ہے اپنے کام پر فوکس کریں،بلوچستان میں کوئی ملٹری آپریشن نہیں ہورہا،خیبرپختونخوا میں طاقت کا استعمال دیکھا، سینٹ،پنجاب،سندھ اورخیبرپختونخوا اسمبلی میں ہنگامہ دیکھنے کو ملتا ہے، شکر ہے بلوچستان اسمبلی میں فتنے کی کمی ہے۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا دہشتگردی کے واقعات پہلے خیبرپختونخوا میں ہوتے تھے پھر اسلام آباد میں شروع ہوئے، 2018میں بانی پی ٹی آئی نے دہشتگردوں کو بسنے کی اجازت دی، بلوچستان میں بھی دہشتگردوں کو لایا گیااب دہشتگرد معصوم لوگوں کو قتل عام کررہے ،سروں سے فٹبال کھیلنے والے دہشتگردوں سے جنگ لڑ رہے ہیں،دہشتگرد کی کوئی قوم نہیں ،بلوچ بھی کہنا مناسب نہیں۔