نوٹیفکیشن کے بعد تمام قیاس آرائیاں دم توڑ گئیں:علی پرویز ملک

لاہور (کامرس رپورٹر) وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ چیف آف ڈیفنس فورسز کے نوٹیفکیشن کے بعد تمام قیاس آرائیاں دم توڑ گئیں، وزیراعظم اور چیف آف ڈیفنس فورسز ملکی ترقی کیلئے دن رات کوشاں ہیں،ہماری افواج دشمن کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں، معرکہ حق میں تینوں فورسز نے مثالی رابطے کا مظاہرہ کیا،آج عالمی سطح پر کوئی بیٹھک پاکستان کی نمائندگی کی بغیر نہیں ہوتی،پاکستان یکم جنوری سے اضافی مائع قدرتی گیس بین الاقوامی منڈیوں میں بیچنا شروع کر دے گااور اپنے بوجھ کو کم کرے ۔یہاںمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ فوج میں تنظیم سازی کا مقصد تینوں فورسز میں رابطے کو بہتر بنانا ہے، چیف آف ڈیفنس فورسز کے نوٹیفکیشن کے بعد تمام قیاس آرائیاں دم توڑ گئیں، وزیراعظم اور نائب وزیر اعظم کی سربراہی میں عالمی سطح پر نمایاں کامیابیاں ملیں۔انہوں نے کہاکہ امریکی صدر سمیت دیگر عالمی رہنما پاکستان کی صلاحیتوں کے بارے میں بات کر رہے ہیں، مختلف وفود پاکستان کے دورے کر رہے ہیں،دیوالیہ پن کی باتیں گزر چکی ہیں، ہم نے مل کر پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط بنانا ہے، برآمدات پر مبنی معاشی ترقی کو فروغ دیا جا رہا ہے، حکومت کی کوششوں سے معاشی صورتحال بہتر ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری افواج اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو شکست دینے کی صلاحیتیں رکھتی ہےں اور انہوں نے یہ کر کے دکھایاہے ، آج دنیا پاکستان کی معترف ہے ۔انہوںنے کہاکہ پاکستان دوست قطر اور اطالوی توانائی کمپنی سے گیس درآمد کر رہا تھا لیکن، اس درآمد شدہ گیس کی فراہمی میں اضافے کی وجہ سے گزشتہ چند ماہ میں ملک میں توانائی کی پیداوار کے لیے اس ایندھن کا استعمال کم ہو گیا تھا۔نتیجتاًہمیں اسے گھریلو صارفین کو فراہم کرنے پر مجبور ہونا پڑا جس کے نتیجے میں گیس کے شعبے میں گردشی قرضہ بڑھ رہا تھا،2018-19سے اب تک پاکستان کو تقریباً ایک ہزار ارب روپے کا نقصان ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ یکم جنوری سے ہم یہ اضافی ایندھن بین الاقوامی منڈیوں میں بیچیں گے اور اپنے بوجھ کو کم کریں گے، اس کے باعث ہونے والے نقصانات کو محدود کریں گے،یہ اقدام پاکستان کے ریاستی ملکیتی اداروں کو مکمل صلاحیت کے ساتھ کام کرنے اور منافع کمانے کا موقع دے گا۔علی پرویز ملک نے کہا کہ ترکی کے وزیر توانائی حال ہی میں پاکستان کا دورہ کر کے گئے تھے اور 20 سال بعد ترک پیٹرولیم، پاکستانی کمپنیوں کے تعاون سے آن شور اور آف شور تلاش کے کاموں میں حصہ لے گی۔ترک پیٹرولیم اسلام آباد میں اپنا دفتر بھی کھولے گی، جہاں 10 سے 15 ترک شہری کام کریں گے، پاکستانیوں کو بھی وہاں روزگار ملے گا۔وفاقی وزیر علی پرویز ملک نے کہا کہ ہم درآمدی تیل اور گیس پر انحصار کم کرنے کی طرف بڑھ رہے ہیں۔